اسلام آباد: چین کے نائب وزیراعظم ہی لائفنگ نے کہا ہے کہ سی پیک دراصل پاک چین دوستی کے نئے دور کا آغاز ہے۔
پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے 10 برس مکمل ہونے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی صدر شی جن پنگ کے نمائندے اور چینی نائب وزیراعظم ہی لائفنگ نے کہا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بھی بلند اور سمندر سے بھی گہری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) دونوں ملکوں کے مابین ایک اہم منصوبہ ہے، جس سے پورے خطے میں سماجی ترقی کا شاندار آغاز ہوا ہے۔ سی پیک ہمارے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا حصہ ہے۔
چینی نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات لازوال ہیں۔ سی پیک کی 10 سالہ تقریبات میں شرکت کرنے پر خوشی محسوس کررہا ہوں۔