اسلام آباد: حکومت نے ورلڈ جونیئر اسکواش کا ٹائٹل جیتنے والے حمزہ خان کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں کیش ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق حمزہ خان کے اعزاز میں 2اگست کوخصوصی تقریب منعقد ہو گی، جس میں وزیراعظم شاندار کارکردگی پر حمزہ خان کو ایک کروڑ روپے کا کیش ایوارڈ دیں گے ۔
واضح رہے کہ آرمی اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ کی زیر نگرانی حمزہ خان نے ٹریننگ کی تھی اور ورلڈ جونیئر ایونٹ کی تیاری کے لیے آرمی اسپورٹس نے سہولیات فراہم کی تھیں۔ حوصلہ افزائی کے لیے منعقدہ تقریب میں وفاقی وزیر احسان مزاری، پاکستان اسپورٹس بورڈ، اسکواش فیڈریشن کے حکام بھی شریک ہوں گے۔
واضح رہے کہ حمزہ خان نے 37سال بعد پاکستان کے لیے ورلڈ جونیئر کا ٹائٹل جیتا ہے۔ اس سے قبل جان شیر خان نے آخری بار 1986ء میں ورلڈ جونیئر ٹائٹل جیتا تھا۔