چینی نائب وزیراعظم کی آمد پر وفاقی دارالحکومت میں عام تعطیل کا اعلان

1026

اسلام آباد: چین کے نائب وزیراعظم 31جولائی کو پاکستان پہنچیں گے، اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت میں پیر اور منگل کی عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چینی نائب وزیراعظم اپنے دورے کے دوران مختلف منصوبوں کے معاہدے کریں گے۔دورہ کے دوران وہ وزیراعظم محمد شہباز شریف سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ذرائع کاکہناہے کہ چینی نائب وزیراعظم دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی مختلف یادداشتوں بھی دستخط کریں گے۔

واضح رہے کہ چینی نائب وزیراعظم کووزیرخارجہ بلاول بھٹونے دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی۔ دوسری جانب ترک صدر رجب طیب اِردوان کا بھی آئندہ ہفتے دورۂ پاکستان کاامکان ہے۔

دریں اثنا اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت میں 31 جولائی اور یکم اگست کو عام تعطیل کردیا ہے، عام تعطیل کا اعلان چیف کمشنر کی منظوری سے کیا گیا لہٰذا اسکول، کالجز اور دفاتر بھی بند رہیں گے۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہائی لیول غیر ملکی وفد کی آمد کے سبب عام تعطیل کا اعلان کیا گیا، اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت میں سیکورٹی کے فول پروف غیر معمولی انتظامات کیے جائیں گے۔