اسلام آباد: سینیٹ آف پاکستان کے اجلاس میں نائب وزیر اعظم چین کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا گیا ہے کہ چین کی جانب سے اقتصادی راہداری سے منسلک علاقوں کے منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے گا ۔
چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، اس امر کا اظہار مسلم لیگ ق کے رہنما سینیٹر کامل علی آغا ، بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما سینیٹر کہدا بابر اور دیگر نے ایوان کی کارروائی کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔
اجلاس چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی صدارت میں ہوا، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ارکان کو یقین دہانی کرائی کہ سی پیک کے منصوبوں کے حوالے سے جو تجاویز پیش کی گئی ہیں ان سے وفاقی وزیر منصوبہ ترقی احسن اقبال کو آگاہ کیا جائے گا کیونکہ وہ مشترکہ کمیٹی میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں ۔
سینیٹر کہدا بابر نے کہا کہ گوادر میں مختلف منصوبوں کے لیے وزیر اعظم کی طرف سے 82 کروڑ روپے سے زائد فنڈز کا اعلان کیا گیا ہے حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں چین کے نائب وزیر اعظم کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔ ہر مشکل میں چین نے پاکستان کی بھرپور مدد کی سی پیک کے حوالے سے جو منصوبے نا مکمل ہیں ان پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ان علاقوں میں پسماندگی غربت اور بے روزگاری ہے ۔
سینیٹر کامل علی آغا نے بھی ان کے موقف کی حمایت کی اور کہا کہ پاکستان نے بھی اہم مواقع پر چین کے ساتھ مکمل تعاون کیا، ہمیں بھی ہر مشکل گھڑی میں ان کی مدد ملی، دوستی کو مزید مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں ۔ قانون سازی کے حوالے سے چاہیے تھا حکومت کو بلز بروقت ارکان کو ارسال کئے جاتے ۔