کراچی:حالیہ بارشوں کے باعث حب ڈیم بھر گیا جس سے کراچی کے شہریوں کو تین سال تک یومیہ 10 کروڑ گیلن پانی فراہم کیا جاسکے گا۔
پروجیکٹ ڈائریکٹر حب ڈیم عبدالرحمان کہتے ہیں ڈیم سے کراچی اور بلوچستان کو مجموعی طور پر یومیہ 16 کروڑ گیلن پانی فراہم کیا جاسکے گا۔
مون سون کی حالیہ بارشوں نے ایک بار پھر حب ڈیم کو پانی سے لبا لب بھر دیا۔ پی ڈی حب ڈیم کے مطابق پانی کا یہ ذخیرہ کراچی اور بلوچستان کو آئندہ 3 سال تک فراہمی آب کا سبب بنے گا۔
حکام کا دعوی اپنی جگہ لیکن بوند بوند کو ترستے ضلع غربی کے مکینوں کو اس پر اعتبار نہیں۔ کہتے ہیں کہ فراہمی آب کیلئے مختص حب کینال کی مرمت کی جانی چاہئے تاکہ انہیں زیادہ سے زیادہ پانی مل سکے۔
حکام کے مطابق مزید بارشیں ہوئیں تو اسپل وے سے گرنے والا پانی ایک ماہ تک جاری رہنے کا امکان ہے، جو حب ندی سے 69 کلومیٹر کا راستے طے کر کے بحیرہ عرب میں شامل ہوجائے گا۔