قوم متحد ہو کر ِپاکستان کی ترقی کیلیے کام کرے، صدر، وزیراعظم

411

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہبازشریف نے تمام پاکستانیوں سے اپیل کی ہے وہ متحد ہو کر اور اپنے اختلافات کو پس پشت ڈال کر یکجان قوم بن کر ملک ِپاکستان کی ترقی کیلئے کام کریں۔

  یوم عاشورہ  10 محرم الحرام  1445ھ  کے  موقع  پر  قوم  کے  نام  اپنے الگ الگ  پیغامات میں صدر اور وزیر اعظم نے کہاکہ  ہماری قوم اور پوری امتِ مسلمہ کو جن چیلنجوں اور آزمائشوں کا سامنا ہے، اس میں ہمیں امام حسین کی فربانی سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔

صدر مملکت نے کہا کہ عاشورہ  کا مقدس دن اسلامی تاریخ میں بہت اہمیت رکھتا ہے۔اس دن کربلا کے میدان میں حق وباطل کی لڑائی میں اسلامی اقدار کے تحفظ کی خاطر نواسہ رسول  صلی اللہ علیہ وسلم سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ نے عظیم قربانی پیش کی۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ یہ معرکہ اسلام کی سربلندی کی خاطر ایک جدوجہد تھی جو  امام حسین کے اصولی مقف ، غیر متزلزل بہادری اور قربانی سے عبارت ہے ۔صدر مملکت نے کہاکہ امام حسین  رضی اللہ عنہ کا اپنے وقت کے ظالم حکمران یزید کے خلاف موقف طاقت یا انتقام کی وجہ سے نہیں تھا۔ بلکہ انصاف، اسلامی اقدار کے تحفظ ، بدعنوانی اور ظلم سے اسلامی معاشرے کی حفاظت کیلئے  ایک اصولی موقف تھا۔

وزیراعظم نے یومِ عاشورہ کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ         عاشورہ، محرم کا 10 واں دن، دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے گہری تاریخی اور روحانی اہمیت رکھتا ہے۔ یہ ہمارے نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے پیارے نواسے امام حسین کی حق کیلئے عظیم جدوجہد، قربانی اور شہادت کا دن ہے

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ  اس دن امام حسین نے اپنے اصحاب اور اہلِ بیت کے ساتھ کربلا کی جنگ میں ظلم، جبر اور ناانصافی کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ   امام حسین رضی اللہ عنہ کی قربانی ہمیں غیر متزلزل ایمان، راست بازی اور انصاف کے حصول کا انمول سبق سکھاتی ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ظلم و جبر کے خلاف کھڑا ہونا ایک مسلمان کا اخلاقی فرض ہے۔