نیپا چورنگی پمپنگ اسٹیشن پر پانی کی ناقص موٹروں کی تنصیب سے کروڑوں روپے کا نقصان

624
Loss of crores rupees

کراچی (رپورٹ: منیر عقیل انصاری) شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال نیپا چورنگی کے پمپنگ اسٹیشن پر پانی کی ناقص موٹروں کی تنصیب سے واٹر بورڈ کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچائے جانے کا انکشاف ہواہے.

تفصیلات کے مطابق نیپا پمپنگ اسٹیشن سےگلشن اقبال، گلستان جوہر اور گلشن جمال جیسے بڑے علاقے کو پانی فراہم کیا جاتا ہے اس اسٹیشن پر چارموٹرز ( ٹربائن ) 1974 سے نصب شدہ تھےجو اپنی طبعی مدت پوری کرچکے تھے ان ٹربائن میں سے دو مستقل خراب ہو چکے ہیں اور دو سے علاقے کو پانی فراہم کیا جاتاہے ان دونوں میں بھی اکثر کوئی نہ کوئی خرابی سامنے آتی رہتی ہے اور روزانہ مرمت کی بنیا د پر ان سے کام چلایا جارہاتھا جس کی مرمت پر واٹر بورڈ کےلاکھوں روپے خرچ ہوچکے تھے.

ان فرسودہ اور بوسیدہ موٹروں سے اتنے بڑے علاقے کو پانی کی فراہمی انتہائی کم پریشر سے جاری تھی جس کے بناء پر علاقے کو اس کی ضرورت کے مطابق پانی نہیں مل پارہاتھااور بجلی بھی زیادہ استعمال ہو رہی تھی ان مسائل سے نمٹنے کے لئے علاقے کے منتخب نمائندوں کی کوششوں اور دبائوکی بناء پر واٹر بورڈ کے حکام نے دو بوسیدہ اور ناکارہ موٹروں کو جرمنی کی مشہور معروف کمپنی کے نئے موٹروں سے تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا اورایکسیسریز کو شامل کرکے جس کی لاگت ڈھائی کروڑ روپے آئی تاہم ان نئے موٹر کے نصب کئے جانے کے چند دن بعد ہی اس میں بھی آئے دن خرابی سامنے آنے لگی.

بعد میں یہ ہوشربا انکشاف ہوا کہ یہ دونوں موٹریں(ٹربائن) جرمنی کی مشہور و معروف کمپنی کی نہیں بلکہ کسی غیر مستند اور غیر معیاری کمپنی کی موٹروں پر جعلی لیبل یا لوگو چسپاں کر کے کراچی کے شہریوں اور واٹر بورڈ کو بھاری مالی نقصان پہنچایا گیا۔علاقے کے منتخب عوامی نمائندوں نے واٹر بورڈ کے ایم ڈی اور نیب حکام سے اس جعلسازی اور کرپشن پر تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے.

پمپنگ اسٹیشن کے دورے کا دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ یہاں سے گزرنے والی ایک پرانی لائن جسے پلگ کردیاگیا تھاوہاں سے پانی کا رسائو جاری ہے اور کافی پانی ضائع ہورہا ہےاس موقع پریہ انکشاف بھی ہوا کہ اسےجان بوجھ کر کھول دیا جاتا ہے اوروہاں سے پانی بہہ کر نالوں کے ذریعہ باہر جاتا ہے اور ٹینکر مافیا پانی چوری کرکے قرب و جوار کے فلیٹوں کے مکینوں کو پانی مہنگے داموں فروخت کرتا ہے۔