موجودہ چیف جسٹس کے ہوتے نواز شریف کو انصاف ملنا مشکل ہے، خرم دستگیر

413

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما خرم دستگیر نے کہا ہے کہ موجودہ چیف جسٹس کے عہدے پر ہوتے ہوئے نواز شریف کو انصاف ملنا مشکل ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے  وزیر توانائی اور لیگی رہنما خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ موجودہ چیف جسٹس کے پاکستان مسلم لیگ (ن) سے متعلق جانبداری کے حوالے سے محض قیاس ہی نہیں بلکہ واضح نمونے موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک وہ (موجودہ چیف جسٹس) عہدے پر موجود ہیں، مشکل ہے کہ نواز شریف کو انصاف مل سکے۔

خرم دستگیر نے کہا کہ الیکشن کی حد تک بہت پُرامید ہوں کہ اب تو وسائل بھی دستیاب ہیں اور متعلقہ اداروں نے سیکورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ ہم سب کی خواہش ہے کہ عوام سے رجوع کیا جانا چاہیے اور موسم خزاں میں الیکشن کا انعقاد ہو جائے۔ ماضی کے تجربے کے پیش نظر انتخابی اصلاحات کی گئی ہیں، اب الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے کہ وہ شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اُن کی واپسی میں کوئی سیاسی رکاوٹ درپیش نہیں بلکہ عدالتی مقدمات ہیں۔