کراچی: شہر قائد کے باسیوں خوشی کی خبر ہے کہ گزشتہ دنوں ہونے والی بارشوں کے پانی سے حب ڈیم پانی سے مکمل بھر گیا۔
واٹر بورڈ کے مطابق ڈیم مکمل طور پر بھرنے کے بعد اسپل وے سے اضافی پانی کا حب ندی میں اخراج شروع کردیا گیا ہے۔ ڈیم سے شہر کو یومیہ 100 ایم جی ڈی پانی فراہم کیا جاتا ہے جو شہر کے ایک بڑے حصے کی پانی کی ضروریات کو پوری کرتا ہے۔
علاوہ ازیں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے حب پمپنگ اسٹیشن اور حب کینال کا تفصیلی دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مون سون بارشوں کے بعد حب ڈیم کا بھر جانا کراچی کے شہریوں کیلئے اچھی خبر ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے حب کینال کے مختلف حصوں کو کچھ نقصان پہنچا ہے، حب کینال کے دونوں اطراف کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کو پانی کی فراہمی کے ریسورسز بڑھائے جائیں گے اور پانی کی تقسیم کو منصفانہ بنائیں گے، جو لوگ لائنوں میں ناجائز کنکشن کریں گے ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کے ساتھ ساتھ ایف آئی آر بھی درج کی جائیں گی۔
میئر کراچی نے کہا کہ وہ ہائیڈرینٹس کا بھی جائزہ لے رہے ہیں اور ان ہائیڈرینٹس کے خلاف کارروائی کی گئی ہے جو ناجائز طور پر بنائے گئے تھے۔