اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجا ب اور اسلا م آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تاریخ ودیگر متعلقہ امور پر مشاورت کے لیے اہم اجلاس طلب کرلیے۔
اسلام آبادکے بلدیاتی انتخا بات کے انعقاد کے سلسلے میں میٹنگ 2اگست بروز بدھ کوہوگی، جس کے لیے سیکرٹری داخلہ ، آئی جی اسلام آباد اور چیف کمشنر اسلام آبادکو مراسلہ جاری کردیا گیا ہے۔
اسی طرح پنجا ب میں بلدیاتی الیکشن کی تاریخ اور شیڈول فائنل کرنے کے لیے کمیشن نے 3اگست بروز جمعرات دوسرا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔ جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب ، چیف سیکرٹری پنجاب ، آئی جی پنجاب اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کومدعو کیا گیا ہے۔
واضح کیا جاتا ہے کہ اسلام آباد اور پنجاب میں الیکشن کمیشن نے قانون کے تحت حلقہ بندیوں کے تمام مراحل مکمل کر لیے ہیں مذکورہ دونوں اجلاسوں میں اسلام آباد اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا اور مشاورت سے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے تاریخیں مقرر کی جائیں گی۔
یا د رہے کہ الیکشن کمیشن نےپچھلے تین سالوں میں مسلسل کوششوں سے صوبہ خیبرپختونخوا ، بلوچستان اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے تمام مراحل مکمل کر لیے ہیں جبکہ پنجاب اور اسلام آباد میں بھی تما م انتظامات اور حلقہ بندیوں کا مرحلہ مکمل کر لیا ہے۔