کراچی: 15 اگست تک بارش کا امکان نہیں، محکمہ موسمیات

402

کراچی: شہر قائد میں بارش کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 15 اگست  تک بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

رواں ماہ جولائی کے دوران کراچی میں ہونے والی بارشوں کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے آئندہ تقریباً 20 دن تک بارش نہ ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔

اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ جولائی کے آغاز سے آج تک سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن کے علاقے میں ہوئی، جو 169 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی ہے جب کہ سب سے کم بارش صدر کے علاقے میں ہوئی، جسے 3 ملی میٹر تک ریکارڈ کیا گیا۔

نارتھ کراچی میں 109.5ملی میٹر،گلشن حدید92ملی میٹر،گلشن معمار88.3ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ 76.3ملی میٹر،سعدی ٹاؤن68.2ملی میٹر، اورنگی ٹاؤن 65ملی میٹر، جناح ٹرمینل 55.6ملی میٹر،قائد آباد،پی اے ایف بیس فیصل پر 44ملی میٹر بارش ہوئی۔

اسی طرح کراچی ائرپورٹ پر 39.9ملی میٹر، ڈی ایچ اے 30.5ملی میٹر،کورنگی 24.4ملی میٹر،ناظم آباد 20.5ملی میٹر،  کیماڑی 15ملی میٹر،پی اے ایف بیس مسرور 12.5ملی میٹر اور گڈاپ ٹاؤن میں 12.4ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی۔

ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق شہر میں آئندہ 3 روزتک مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے سبب بونداباندی  کا امکان ہے، دن کے وقت موسم قدرے مرطوب ریکارڈ ہوسکتا ہے  اور زیادہ سے زیادہ پارہ 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

مون سون ہواؤں کا سلسلہ وسطی ،بالائی سندھ اور بلوچستان کو متاثر کررہا ہے،آج بھی دادو،سکھر،جیکب آباد ،لاڑکانہ اوردیگر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ان اضلاع میں درمیانی سے موسلادھار بارش ہوسکتی ہے،28جولائی تک موسلادھاربارش کا سلسلہ سبی،خضدار،جھل مگسی،ڈیرہ مراد جمالی اورکیرتھررینج میں جاری رہ سکتا ہے۔