دوبارہ حکومت ملی تو مزید 1لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے،وزیراعظم

452

کراچی:وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو ٹیکنا لوجی کی تعلیم فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اور یہی مقصد ہے کہ طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم کر رہے ہیں تا کہ  ملک کو ترقی کرتے ہو ئے آگے لے کر جاسکیں ،دوبارہ حکومت ملی تو 1 لاکھ مزید لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے۔

گورنر ہاؤس سندھ میں طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور گورنر سندھ کامران ٹسوری نے نوجوانوں کو ٹیکنالوجی کی تعلیم فراہم  کرنا اچھا اقدام ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے ان کے اس احسن اقدام پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، ایسے کاموں کی بدولت ملک ترقی کرتا ہے اور یہی قومیں آگے جاتی ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوانوں میں بےپناہ صلاحیت ہے ۔ ہمیں اپنےنوجوانوں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنا ہے،ملک کو دیوالیہ کرنے کے لیے بدخواہ دن رات جادو ٹونا کر رہے تھے اور پھونکیں مار رہے تھے۔

ان  کا کہنا تھا کہ اگر دوبارہ اقتدار ملا تو ہر صوبے  میں 5 سے 10 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے ،لیپ ٹاپ سے باصلاحیت طلبہ و طالبات ملک کی ترقی میں شانہ بشانہ کھڑے ہونگے ،لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا مقصد ان طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کرنی ہے جنہوں تعلیم کے میدان میں اپنا نام کمایا ہے اور  ایک دن یہی طلبا اس ملک کو ترقی یافتہ بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کروڑوں بچے اور بچیاں تعلیم کے حصول کے لیے ہر قربانی دینے اور اپنے خاندان کا بوجھ بانٹنے کے لیے تیار ہیں ان کو وسائل اور مواقع مہیا نہ کرنا اس سے بڑا ظلم نہیں ہو سکتا، ہماری اولین ترجیح  ہے ایسے طلبا کے قدموں میں تمام تر وسائل نچھاور کر یں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک لاکھ لیپ ٹاپ مالی سال 22-23 کی بجٹ سے دیے گئے جبکہ مزید ایک لاکھ لیپ ٹاپ 23-24 میں بھی دیے جائیں اور نئی آنے والی حکومت اس مشن کو مکمل کرے گی میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ تقسیم کرےگی۔