بیجنگ:چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماو ننگ نے جاپان پر زور دیا ہے کہ وہ تائیوان کے معاملے پر آگ سے کھیلنا بند کرے۔
چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ تائیوان چین کا علاقہ ہے اور تائیوان کا سوال خالصتا چین کا داخلی معاملہ ہے جس میں کسی بیرونی طاقت کی مداخلت قبول نہیں کی جا سکتی، جاپان کے محکمہ دفاع کے موجودہ اعلی سطح کے عہدیدار کا بیان بین الاقوامی تعلقات کو چلانے والے بنیادی اصولوں اور چین اور جاپان کے درمیان چار سیاسی دستاویزات میں وضع کردہ اصولوں کی خلاف ورزی اور چین کے داخلی معاملات میں کھلم کھلا مداخلت ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس سے چین جاپان تعلقات میں سیاسی بنیاد پر نقصان دہ اثرات مرتب ہوئے ہیں، چین اس کی سختی سے مخالفت کرتا ہے اور اس حوالے سے جاپان سے سخت سفارتی احتجاج کیا گیا ہے۔
ماؤننگ نے کہا کہ نصف صدی تک جاپان نے تائیوان پر نوآبادیاتی حکمرانی کی اور چینی عوام کے خلاف بدنام زمانہ جرائم کا ارتکاب کیا، ان جرائم کے لئے جاپان کی سنگین تاریخی ذمہ داریوں کو دیکھتے ہوئے جاپان کے لئے یہ زیادہ اہم ہے کہ وہ دانشمندی سے کام لے اور تاریخ سے سبق حاصل کرے۔