سیاسی اندھے رشتے داروں میں ریوڑیاں بانٹنا چاہتے ہیں،شیخ رشید احمد

385

راولپنڈی : سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نگران حکومت اور اس کے وزیراعظم کا فیصلہ اتنا آسان نہیں ہوگا جتنا دکھائی دے رہا ہے، سیاسی اندھے رشتے داروں میں ریوڑیاں بانٹنا چاہتے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید احمد نے اپنے پیغام میں لکھا کہ آئینی ترمیم کے بغیر نگران وزیراعظم کو الیکشن کروانے کے علاوہ کوئی اختیارات نہیں مل سکتے، ڈار کے آنے کا مطلب آئی ایم ایف ناراض، ڈالر 300 کراس، الیکشن ایک سال آگے، الیکشن کی تاخیر معیشت کی تباہی اور غریب کا زندہ دفن ہونا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پی پی پی یہ چاہتی ہے کہ نگران وزیراعظم ان کے جیب کی گھڑی اور ہاتھ کی چھڑی ہو، لندن کے ڈاکٹر بھی بڑے باکمال ہیں وہ نواز شریف کو لندن، سعودی عرب، دبئی جانے کا مشورہ دیتے ہیں لیکن پاکستان جانے کی اجازت نہیں دیتے، 15 مہینے بھائی وزیراعظم رہا اور سفارتی پاسپورٹ نواز شریف کے ہاتھ میں رہا لیکن پاکستان آنے کی جرت نہیں ہوئی۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ حکومت کے چہرے پر اڑی ہوئی ہوائیاں بتا رہی ہیں کہ ان کو عوام کا ردعمل بخوبی معلوم ہے جو قدم اٹھائیں گے الٹا ان کے گلے پڑے گا، الیکشن میں تاخیر کرنے کے حربے استعمال کریں گے تو اپنا ہی مزید نقصان کریں گے، جب لوگوں کے گھروں میں بجلی کے بل آئیں گے تو لوگ جھولیاں اٹھا کے ان کیلئے دعا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بے شک سارے میڈیا پر قبضہ کر لیں صحافت کو ہتھکڑیاں پہنا دیں، آٹا، چینی کا بھا اور بجلی کے بل کا بم ان کی سیاست کا قبرستان بنا دے گا، کس کارکردگی پر سرکاری افسروں میں نئی گاڑیاں بانٹی جا رہی ہیں، ڈیفالٹ تو پاکستان نے نہیں عوام نے ہونا تھا اور عوام ڈیفالٹ ہو چکی ہے۔

سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ حکمران بڑے شوق سے طلوع آفتاب سے غروب آفتاب تک ٹی وی پر چھانی ڈال کر بیٹھے رہے نہ ان کے چہرے کو پسند کیا جا رہا ہے نہ ان کی کوئی بات سن رہا ہے بلکہ یہ الیکٹرونک میڈیا کی ریٹنگ خراب کر رہے ہیں، آخری 2 ہفتے پاکستان کی سیاست میں انتہائی اہم ہیں یہ عوام کو ریلیف کے بجائے مزید تکلیف دے کر جائیں گے۔