اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک کو تباہی کے دہانے پرپہنچانے والوں سے عام انتخابات میں عوام حساب لیں گے۔
ان خیالات کااظہار شاہ محمود قریشی نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔انہوںنے کہا کہ موجودہ حکمران ٹولہ جو اپنی طرف سے “مہنگائی ” کا خاتمہ کرنے کے عزم سے عوام پر مسلط ہوا، پچھلے 14 ماہ میں صرف اپنے کرپشن کیسز کا ہی خاتمہ کرسکا۔ عوام کی حالت یہ ہے کہ مہنگائی اور بے روزگاری نے کمر توڑ دی ہے ، آج بھی بجلی کے نرخ مزید بڑھا دیئے گئے ہیں ۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کسان کے لئے ٹیوب ویل تک چلانا مشکل ہوگیا ۔ ہرصنعت تقریباً بندش کے قریب ہے ۔ترقی کرتے، اپنے پائوں پر کھڑے ہوتے ہوئے اس ملک کو صرف انا اور اقتدار کی لالچ کے لئے تباہی کے دہانے پرپہنچانے والوں سے حساب انشااللہ پاکستان کے عوام آئندہ عام انتخابات میں لیں گے۔ نہ عوام بھولیں گے اور نہ مورخ اس بدترین دور کو بھولے گا۔