کراچی میں موسلادھار بارش، نالے ابل پڑے، پانی آبادی میں داخل

629

کراچی: شہر قائد میں پیر کے روز کئی علاقوں میں بادل موسلادھار برس پڑے، جس کے بعد کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا جب کہ اکثر علاقوں کے نالے ابل پڑے۔

نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، سرجانی ٹاؤن، ایف بی ایریا، اسکیم 33، لیاقت آباد، گلستان جوہر، گلشن اقبال، منگھوپیر سمیت شہر کے کئی علاقوں میں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش ہوئی، جس کے بعد اکثر مقامات پر نکاسی آب کا انتظام نہ ہونے کی وجہ سے برساتی پانی کے نالے ابل پڑے اور پانی سڑکوں پر جمع ہوگیا۔ مختلف علاقوں میں برساتی پانی نشیبی علاقوں میں داخل ہوگیا جہاں گھروں کے اندر پانی جانے سے شہریوں کو پریشانی اور نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

کئی علاقوں میں بارش کے تھوڑی ہی دیر بعد سڑکیں دریا کا منظر پیش کرتی رہیں۔ نارتھ کراچی میں پاور ہاؤس چورنگی،دو منٹ چورنگی، ناگن چورنگی پر مرکزی سڑکوں اور ملحقہ گلیوں میں تالاب کی صورت پانی بہتا رہا جہاں بارش میں پھنسے شہری پانی میں بند ہوجانے کے باعث گاڑیوں کو دھکیلتے نظر آئے۔بارش کے بعد بھی کئی گھنٹوں تک سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام رہا، جس سے شہریوں کو ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔

اکثر علاقوں میں بارش کی بوند گرتے ہی بجلی معطل کردی گئی، جس سے کاروبار زندگی درہم برہم ہوگیا۔ جہانگیر روڈ اور لیاقت آباد کے علاقوں میں بھی سڑکوں پر بارش کا پانی جمع رہا، جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں ہوئی، جسے 60 ملی میٹر ریکارڈ کیا گیا۔ گلشن معمار میں 33، نارتھ کراچی میں 23، سعدی ٹاؤن میں 22.6 اور اورنگی ٹاؤن میں 16.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

یونیورسٹی روڈ پر15ملی میٹر،گلشن حدید میں 13، ناظم آباد میں12.3، جناح ٹرمینل پر7.6 ،اولڈ ائرپورٹ پر5.8، کورنگی 4.4 ، پی اے ایف بیس فیصل پر 3 ملی میٹربارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے شہر میں مزید بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔