پیپلزپارٹی، ن لیگ اور جے یو آئی سودی نظام کے چوکیدار ہیں، سراج الحق

465
worst governance

کوئٹہ: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی، ن لیگ اور جے یو آئی سودی نظام کے چوکیدار ہیں،آئی ایم ایف سے قرض لینے پر تینوں پارٹیوں کا باہمی اتفاق ہے۔سودی نظام اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔

سراج الحق نے کہاکہ  پاکستان میں موجود حکمران سیاسی جماعتیں بری طرح بے نقاب اور ناکام ہوگئی ہیں، ان کے ساتھ کوئی انقلاب کا پروگرام نہیں پی ڈی ایم،پی پی،پی ٹی آئی کو بار بار موقع ملا لیکن یہ ملک و قوم کے لیے ڈلیور کرنے میں ناکام ہوئیں۔

انہوں نے کہاکہ ناکام پارٹیوں کے سربراہوں کے اب اپنے شہزادوں اور شہزادیوں کے لیے ارمان ہیں کہ انہیں کسی طرح وزیر اعظم بنایا جائے۔یہ چاہتے ہیں کہ ججز،نیب ان کی مرضی کے فیصلے کریں قومی اسمبلی ان کی مرضی سے چلے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی جد و جہد کر رہی ہے صوبے کے وسائل پر سب سے پہلے اس صوبے کے عوام کا حق ہے،سونے کے ڈھیر پر بیٹھے لوگ بھوکے سوتے ہیں قوم جماعت اسلامی پر اعتماد کرے ان شا  اللہ ملک کو آئی ایم ایف،ورلڈ بنک سے قرض لینے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی غلامی نے گذشتہ کئی دہائیوں سے عوام کو مہنگائی،بے روزگاری اور کرپشن جیسے تحفے دئیے آج بھی بجلی کی قیمت میں 7 روپے50 پیسے فی یونٹ اضافہ کر کے اس حکومت نے جاتے جاتے عوام کی کھوپڑی پر چابک برسائے ہیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ بجلی،گیس، آٹا، چینی اور اشیا  ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں،جماعت اسلامی اپنے جھنڈے اور نشان   پر پوری تیاری کے ساتھ ملک بھر میں الیکشن میں حصہ لے گی ہم نے ملک اور عوام کو مسائل سے نکالنے کے لیے ایک جامعہ منشور پیش کیا ہے جماعت اسلامی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔