ریاست میں شکست بھارت کا مقدر ہے، سردار عتیق احمد

590
ریاست میں شکست بھارت کا مقدر ہے، سردار عتیق احمد

مظفرآباد: آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردار عتیق احمدخان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم بے گناہ کشمیریوں کا شہید ہونا اور بے گناہ کشمیریوں کو پابند سلاسل کرنا باعث تشویش ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے جوانوں کی شہادت اور خواتین کی عصمت کی پامالی کے زمہ دار،اقوام متحدہ ،او آئی سی ،یورپ اور ہمارے حکمران ہیں جن کی ناقص اور لاپروائی اور زاتی مفادات کی وجہ سے بے گناہ کشمیری شہید ہو رہے ہیں اور مقبوضہ کشمیر کی خواتین کی عصمت دری،عزتوں کی پامالی ،اجتماعی زیادتیوں کا نشانہ بن رہی ہیں ۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ  ہندوستان مقبوضہ جموں وکشمیر میں فسطائیت کی انتہا کررہا ہے نریندرمودی کشمیریوں کی نسل کشی کرا رہا ہے ،15لاکھ قابض بھارتی فوج نے سوا کروڑ کشمیریوں کو یرغمال بنا رکھا ہے کشمیریوں کی جائیدایں ضبط اور مکان مسمار کیے جارہے ہیں ۔

مقبوضہ کشمیر میں آزادی اور حق خودارادیت کے لیے کشمیری عوام کی بے مثال قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی، ریاست میں شکست بھارت کا مقدر ہے۔

بھارتی حکومت متنازعہ ریاست میں عوامی مزاحمت کے خوف میں مبتلاء ہو کر بوکھلاہٹ میں نہتے شہریوں کو بدترین انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔

کشمیری عوام نے بے مثال جدوجہد سے خود کو دنیا کی جرات مند اقوام کی صف میں لا کھڑا کیا ہے۔ جو بھارت کے تمام تر جارحانہ اور غاصبانہ حربوں کے باؤجود تحریک مزاحمت کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔

کشمیری عوام ان گنت قربانیوں سے یہ واضح کرچکے ہیں کہ وہ اپنی آزادی کیلئے فتح تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ کشمیری عوام نے بھارتی قبضے سے آزادی کیلئے لاکھوں شہیدوں کا خون پیش کیا، لاکھوں نے بھارتی ظلم و استبداد میں صعوبتیں برداشت کیں اور ہزاروں بہنیں بیوہ بن گئیں۔

کشمیری عوام کی لازوال قربانیاں اور جدوجہد بھارتی ظالم سامراج کو جموں کشمیر سے انخلاء پر مجبور کردیں گی۔ ریاست کے عوام آر ایس ایس اور مودی حکومت کو اپنی ریاست میں ہندوتوا کا سیاہ منصوبہ مسلط کرنے کی کبھی اجازت نہیں دیں گے۔

بھارت مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت، دہشت و وحشت، تشدد، اندھا دھند گرفتاریوں، نوکریوں سے برخاستگی، زمینوں پر قبضوں، املاک کی ضبطگی اور مسمارگی، ظالمانہ ٹیکسوں کے نفاذ اور فوجی محاصروں سے کشمیری عوام کو آزادی اور حق خودارادیت کے مطالبے سے کبھی دستبردار نہیں کرسکتا۔