اسلام آباد: دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے بھارت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شبیر شاہ اور ان ہزاروں کشمیری سیاسی رہنماوں و کارکنوں کی قید کو طول دینے کا سلسلہ بند کرے جن کا جرم یہ ہے کہ وہ خودارادیت کے نا قابل تنسیخ حق کا مطالبہ کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شبیر احمد شاہ اس وقت نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں بند ہیں اور وہ اپنے سیاسی نظریے کی وجہ سے مجموعی طو ر پر36 سال بھارتی جیلوں میں گزار چکے ہیں۔ جموں و کشمیر ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی کے بانی و صدر شبیر احمد شاہ کی مسلسل قید کو اس ماہ چھ سال مکمل ہوگئے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کہا کہنا تھا کہ شبیر احمد شاہ کو انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بجا طور پر ضمیر کا قیدی قرار دیا ہے۔کشمیری سیاسی قیدیوں کو رہا اور من گھڑت الزامات سے بری کیا جائے۔