لاڑکانہ: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ سیلاب سے ہمیں تاریخی نقصان ہوا تھا۔
بلاول بھٹو زرداری کاکہنا تھا کہ آج سے سندھ میں انقلاب شروع ہورہا ہے، صوبے میں سیلاب متاثرین کے لئے 20 لاکھ گھر بنانے ہیں، یہ اتنے مضبوط گھر ہیں کہ اب کوئی سیلاب آیا تو نقصان نہیں ہوگا، وہ لاڑکانہ میں سیلاب زدگان کے منہدم گھروں کی تعمیر نو کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
وزیرخارجہ کہنا تھا کہ آج سے آپ کے خوشی کے دن شروع ہورہے ہیں، وعدہ ہے کہ جس کے گھر کو نقصان ہوا اسے مالکانہ حقوق دلوائیں گے۔ ہمیں پورے صوبے میں 20 لاکھ گھر بنانے ہیں، ان گھروں کی تعمیر میں وقت تو ضرور لگے گا۔
ان کاکہنا تھا کہ مالکانہ حقوق نہ ہوں تو احساس تحفظ نہیں ہوتا، ہم ان گھروں کے مالکانہ حقوق دیں گے، جس کے بعد آپ کی مرضی ہے جو چاہے کریں، ہم نے ایک سانحہ کو مواقعوں میں تبدیل کیا ہے، آپ کی مالی صورتحال سیلاب سے پہلے والی صورتحال سے بہتر ہوگی۔