کراچی: تحریک انصاف نے میئر کراچی کے الیکشن میں شرکت نہ کرنے پر اپنے 28 بلدیاتی نمائندوں کو ڈی سیٹ کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے خط میں الیکشن کمیشن سے منحرف اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے، خط میں وسیم عبدالوحید، طاہر پرویز، عمران پروانی، اسد امان سمیت 28 اراکین کے نام شامل ہیں، مخصوص نشستوں پر منتخب صنوبر فرحان اور عزیر صدیقی کا نام بھی فہرست میں موجود ہے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ میئر کراچی انتخابات میں عدم حاضری، پی ٹی آئی کے 31 منحرف ارکان کو پارٹی سے نکال دیا گیا،خط بلدیہ عظمی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر مبشرحفیظ اللہ حق نے الیکشن کمیشن کو ارسال کیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ منحرف اراکین نے پارٹی ہدایات کی خلاف ورزی کی۔
خط میں الیکشن کمیشن سے آئین کے تحت ان اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 15 جون کو ہونے والے میئر و ڈپٹی میئر کراچی کے الیکشن میں حافظ نعیم الرحمن جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے مشترکہ امیدوار تھے جبکہ پیپلز پارٹی، جے یو آئی اور مسلم لیگ ن کے امیدوار مرتضی وہاب تھے۔