بیجنگ:چین میں رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران بیرونی سرمایہ کاری سے قائم نئے غیرملکی کاروباری اداروں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
نائب وزیرتجارت گو تنگ تنگ نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ چین میں رواں سال کی پہلی ششماہی میں تقریبا 24 ہزار نئی غیر ملکی کمپنیاں قائم ہوئیں جو گزشتہ برس کی نسبت 35.7 فیصد زائد ہے۔
گو نے کہا کہ ملک میں اس عرصے کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری بنیادی طور پر مستحکم رہی۔چین میں پہلی ششماہی کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری گزشتہ برس کی نسبت 2.7 فیصد کم ہوکر 703.65 ارب یوآن (تقریبا 98.46 ارب امریکی ڈالرز) رہی۔ترقی یافتہ ممالک سے سرمایہ کاری بڑھتی رہی ہے۔
فرانس، برطانیہ، جاپان اور جرمنی کی سرمایہ کاری میں بالترتیب 173.3 فیصد ، 135.3 فیصد ، 53 فیصد اور 14.2 فیصد اضافہ ہوا۔وزارت کے ایک عہدیدار ژو بنگ نے بتایا کہ غیرملکی براہ راست سرمایہ کاری میں معمولی کمی غیرملکی کمپنیوں کے چین میں ترقی بارے امکانات بارے امیدوں کو متاثر نہیں کرے گی اور اس سے سرمایہ کاری میں توسیع کا مجموعی رجحان تبدیل نہیں ہوگا۔
ژو نے کہا کہ چین کا دورہ کرنے اور یہاں سرمایہ کاری و تعاون کے مواقع تلاش کرنے والی کثیرالقومی کمپنیوں کے سینئر ایگزیکٹوز کی ایک کثیر تعداد موجود ہے۔ژو نے کہاکہ اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ چینی مارکیٹ ایک “آپشن” نہیں بلکہ “لازم” ہے۔