نئی دہلی: بھارتی ریاست مہاراشٹر میں مسلسل بارشوں کے بعد پہاڑی علاقے میں مٹی کا تودہ گرنے سے 10 افراد ہلاک اور درجنوں لاپتا ہوگئے۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاست مہاراشٹر کے ضلع رائے گڑھ میں مٹی کا ایک بڑا تودہ گاوں ارشل واڑی پر گر گیا۔ مکانوں کے ملبے تلے درجنوں افراد دب گئے۔یہ گاوں دور افتادہ، پہاڑی اور جنگلات میں ہے جس کے باعث ریسکیو کے کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔
ایک اندازے کے مطابق گاوں میں 225 افراد رہتے تھے۔ریسکیو کے کاموں کے دوران ملبے سے 10 لاشیں برآمد ہوئیں جب کہ 75 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا اب بھی درجنوں افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے تاہم درست تعداد کا اندازہ نہیں۔یاد رہے کہ دو سال قبل بھی اس علاقے میں مٹی کا تودہ گرنے سے ایک گاوں ملیا میٹ ہوگیا تھا اور اس میں 80 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
بھارت میں ہونے والی بارشوں نے ریاست مہاراشٹرا میں بڑی تباہی مچائی ہے۔ دہلی میں سیلابی ریلا وزیراعلی ہاوس، پارلیمان اور تاج محل تک پہنچ گیا۔ ممبئی میں اسکول بند اور ریلوے کا نظام درہم برہم ہوگیا۔بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کے موسم میں یکم جون سے اب تک بھارت میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور حادثات میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔۔۔۔۔