نوجوانوں کیلئے ملک گیر یوتھ اسپورٹس انیشی ایٹو کا آغاز کیا، وزیراعظم

398
Prime Minister

اسلام آباد:وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں کو اپنی توانائیاں مثبت انداز میں صرف کرنے کے مواقع فراہم کیلئے میں نے گزشتہ روز ملک گیر کھیلوں کے فروغ اور عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے یوتھ اسپورٹس انیشی ایٹیو کا آغاز کیا ہے۔

 پاکستان کی آبادی کی اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ہے مگر بد قسمتی سے نہ صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی کھیلوں کیلئے بھی سہولیات کا شدید فقدان ہے۔

 اس کے پیش نظر ہم نے ملک کی پہلی سپورٹس یونیورسٹی کا سنگ بنیاد اور سپورٹس اینڈامنٹ فنڈ قائم کیا ہے۔

ان خیالات کااظہار وزیر اعظم شہبازشریف نے بدھ کے روزٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔

 وزیر اعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ باصلاحیت اور بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی، بین الاقوامی مقابلوں کیلئے کھلاڑیوں کی تربیت اور دیگر اقدامات سے ملک بھر میں کھیلوں کا فروغ یقینی بنایا جائے گا۔

تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں کو جب جب بھی موقع دیا گیا، انہوں نے پوری دنیا میں سبز ہلالی پرچم کو حسن کارکردگی سے سربلند کیا۔

 مجھے یہ بھی ادراک ہے کہ یہ اقدامات ناکافی ہیں مگر یہ ایک اچھا نقطہ آغاز ہے۔مجھے پوری امید ہے کہ آئندہ حکومتیں ان اقدامات کا تسلسل قائم رکھیں گی۔