اسلام آباد:وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد نے خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ملاقات کی۔
وفد میں وفاقی وزیر آنفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، ڈاکٹر فاروق ستار اور مصطفی کمال شریک تھے۔
ملاقات میں وفاقی وزیر ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق اور وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے بھی شرکت کی۔
وزیرِ اعظم نے نگرا ن حکومت سمیت تمام اہم فیصلوں میں ایم کیو ایم کو شامل کرنے کی ہدایت کر دی۔ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت ہوئی اور حالیہ مردم شماری کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔
ملاقات وزیرِ اعظم کی نگراں حکومت کی تشکیل کے لیے اتحادیوں سے مشاورت کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
وفد نے وزیرِ اعظم کو کراچی میں وفاقی حکومت کے جاری منصوبوں کی ذاتی نگرانی اور ترجیحی بنیادوں پر ان پر کام یقینی بنانے پر خراج تحسین پیش کیا۔متحدہ کے وفد نے وزیرِ اعظم کی قیادت میں حکومتی معاشی ٹیم کی کوششوں سے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ مکمل ہونے پر ان کو خراج تحسین پیش کیا۔