ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کا کلیدی ترقیاتی شراکت دار ہے، محمد اسحاق ڈار

253
return home

اسلام آباد:وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہاہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کا کلیدی ترقیاتی شراکت دار ہے،حکومت پائیدار اقتصادی نمو کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

وفاقی وزیر خزانہ نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد سے ملاقات کی، جس کی قیادت پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ینگ یی کررہے تھے۔معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، سیکرٹری خزانہ، اور فنانس ڈویژن اور بینک کی ٹیم کے سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وفد کا خیرمقدم کیا اور پاکستان میں پائیدار ترقی کے فروغ میں اے ڈی بی کے قابل قدر کردار کو سراہا۔وزیر خزانہ نے وفد کو ملک کے موجودہ معاشی منظرنامے اور آئی ایم ایف کے ساتھ حال ہی میں مکمل ہونے والے سٹینڈ بائی معاہدے (ایس بی اے) کے بارے میں بھی بتایا۔

وزیر خزانہ نے وفد کو ملکی محصولات میں اضافہ، توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور خواتین کی مالیاتی شمولیت میں حکومت کی اصلاحاتی ترجیحات سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں اے ڈی بی کے فنڈز سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر بروقت عملدرآمد پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خزانہ نے تمام بین الاقوامی ذمہ داریوں کو بروقت پورا کرنے اور آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کو مکمل کرنے کے لیے حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔

 ینگ یی نے پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے اہم اقتصادی شعبوں میں حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی اصلاحات اور پالیسی فیصلوں کو سراہا۔