وزیراعظم کا اماراتی صدرسے ٹیلیفونک رابطہ، تعاون پر اظہار تشکر

298

اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے، جس میں انہوں نے مالی استحکام کے لیے پاکستان کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان میں مالی استحکام کے لیے بھرپور حمایت پر اماراتی صدر کا تہہ دل سے  شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اسٹیٹ بینک میں ایک ارب امریکی ڈالر کے ذخائررکھنے پر بھی اماراتی صدر کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان  برادرانہ تعلقات کو فائدہ مند اقتصادی تعلقات میں تبدیل کرنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔

شہباز شریف  نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں متحدہ عرب امارات کے کردار کو سراہا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے 6 جولائی  کو کوپ28 کے نامزد صدر اور امارات کے سفیر برائے موسمیاتی تبدیلی اور وزیربرائے صنعت و ٹیکنالوجیز ڈاکٹر سلطان الجابر کے دورہ پاکستان کے حوالے  سے بھی تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کے فروغ اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے زیادہ مواقع کی فراہمی کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔