مقبوضہ جموں و کشمیر کی پاکستان سے محبت پر ہندوستان بوکھلاہٹ کا شکار ہے،چوہدری انوار الحق

423
مقبوضہ جموں و کشمیر کی پاکستان سے محبت پر ہندوستان بوکھلاہٹ کا شکار ہے،چوہدری انوار الحق

مظفرآباد:  وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ  پاکستان ہماری امیدوں امنگوں کا مرکز ہے۔مقبوضہ جموں و کشمیر کی پاکستان سے محبت پر ہندوستان بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔

چوہدری انوار الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مٹی کی خوشبو سے محبت میں جانیں نچھاورکرنے والے ہمارے اصل ہیرو ہیں۔پاکستان کے قیام سے قبل کشمیریوں نے اپنے مستقبل کا فیصلہ پاکستان کے حق میں دیا۔ قائداعظم کے پاکستان سے محبت ہمارے خون میں شامل ہے۔کشمیر بنے گا پاکستان سیز فائرلائن کے دونوں جانب سب سے مقبول نعرہ ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کی پاکستان سے محبت پر ہندوستان بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔مقبوضہ وادی کے اندر بسنے والوں نے اس سفر کی تکمیل کے لیے لازوال قربانیاں دیں۔

یوم الحاق پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق کا کہنا تھاکہ آج سیز فائرلائن کے دونوں جانب کشمیری الحاق پاکستان منارہے ہیں۔صرف جموں میں اڑھائی لاکھ لوگوں کو پاکستان کی محبت کے جرم میں قتل کیا گیا۔ہندوستان کی جانب سے تمام تر حربے آزمانے اوربہیمانہ قتل عام پاکستانیت کو ختم نہیں کرسکا۔کشمیریوں نے پاکستان کے ساتھ اپنے مقدس رشتے کو ہمیشہ سب سے مقدم رکھا اور کبھی حرف نہیں آنے دیا۔ انہوں نے کہا کہ 19جولائی کا دن تاریخ ساز دن ہے کیونکہ اس تاریخی دن کشمیریوں نے قرارداد الحاق پاکستان منظور کر کے اپنے مستقبل کا تعین کر دیا تھا۔