اسلام آباد: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مالی سال 23-2022 کی بینظیر کفالت کی چوتھی سہ ماہی قسط کی ادئیگی جاری ہے اور اب تک 78 لاکھ سے زائد مستحق خواتین میں 70 ارب روپے سے زائد کی رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔
بینظیر کفالت کے تحت 90 لاکھ رجسٹرڈ گھرانوں کو 9000 روپے فی خاندان ادا کئے جارہے ہیں۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اپنے پارٹنر بینکوں، یعنی بینک الفلاح اور حبیب بینک لمیٹڈ (HBL) کو 81 ارب روپے سے زائد کی رقم جاری کر چکا ہے۔
پروگرام کے ترجمان نے کہا کہ بینظیر کفالت کے علاوہ رجسٹرڈ خاندانوں کے بچوں کو بھی بینظیر تعلیمی وظائف دیے جا رہے ہیں، تاہم تعلیمی وظائف کے حصول کے لیے سکول میں 70 فیصد حاضری لازمی ہے۔کسی بھی شکایت کی صورت میں مستحق افراد بی آئی ایس پی کے قریبی تحصیل دفاتر سے رجوع کر سکتے ہیں یا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ٹول فری ہیلپ لائن نمبر 080026477 پر کال کر سکتے ہیں۔
بی آئی ایس پی کے ترجمان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا کوئی بھی پیغام صرف 8171 سے بھیجا جاتا ہے اس کے علاوہ کسی دوسرے نمبر سے آنے والے پیغامات پر بھروسہ نہ کیا جائے۔