راولپنڈی: ڈیڑھ گھنٹے میں قتل کی 3 وارداتیں، 3 خواتین سمیت 4 افراد قتل

1781

راولپنڈی: وفاقی دارالحکومت کے جڑواں شہر میں محض ڈیڑھ گھنٹے کے دوران قتل کی 3 وارداتیں رونما ہوئیں، جن میں 3 خواتین سمیت 4 افراد کو قتل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق قتل کی پہلی واردات تھانہ کلرسیداں کے علاقے ڈھوک کشمیریاں میں پیش آئی، جہاں بھائی نے طلاق یافتہ بہن کوگھریلو رنجش پرفائرنگ کرکے قتل کردیا۔پولیس نے مقتولہ 40 سالہ صوبیہ کی لاش اسپتال منتقل کردی جب کہ مقتولہ کا بھائی عثمان موقع سے فرار ہوگیا۔

قتل کی دوسری واردات ڈھوک مک میں پیش آئی جہاں نامعلوم ملزمان نے چھریوں کے وار سے ماں بیٹے کو قتل اور باپ کو زخمی کردیا۔ پولیس نے مقتولہ رخسانہ بی بی اور بیٹے محمد صغیر کی لاشیں اور زخمی باپ شبیر کو بھی اسپتال منتقل کردیا ہے۔

قتل کی تیسری واردات تھانہ دھمیال کے علاقے ملک کالونی میں پیش آئی، جہاں سابقہ شوہر نے فائرنگ کرکے خاتون کو قتل کردیا۔ ملزم صوابی کا رہائشی ہے اور  واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔

پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ تمام قتل کے مقدمات کے الگ الگ مقدمات درج کرلیے گئے ہیں جب کہ 3 خواتین سمیت 4 افراد کی لاشیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کردی ہیں۔ ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔