بجلی کابنیادی نرخ 25 سے بڑھا کر 29 کر دیا گیا، شیخ رشید

421

راولپنڈی: سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بجلی کابنیادی نرخ 25 سے بڑھا کر 29 کر دیا گیا،جس کے گھر بجلی کا بل جا رہا ہے آٹا خرید کر کھا رہا ہے،وہ انہیں الیکشن پر 440وولٹ کاکرنٹ لگائے گا۔

سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ن لیگ پی پی پی مولانا فضل الرحمان کے خواب دھرے کے دھرے رہ جائیں گے۔ان کے خواب آنسوں میں بہہ جائیں گے ۔مہنگائی کابوجھ عوام پرڈال دیاگیا ہے۔بجلی کابنیادی نرخ 25 سے بڑھا کر 29 کر دیا گیا ہے۔ بے شک ہر گھر میں لیپ ٹاپ دے دیں۔ جس کے گھر بجلی کا بل جا رہا ہے آٹا خرید کر کھا رہا ہے۔وہ انہیں الیکشن پر 440وولٹ کاکرنٹ لگائےگا عوام اور تیرہ پارٹیوں کے درمیان نفرت انتہائی گہری ہوچکی ہے۔غربت سے تنگ لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں ۔لیکن نام ہارٹ اٹیک کا لے رہے ہیں۔کیونکہ اہل خانہ پوسٹ مارٹم اور پولیس کی تفتیش نہیں چاہتے ۔جس ملک میں 8 لاکھ پروفیسرڈاکٹرانجینیرملک چھوڑ کے چلے جائیں تو پیچھے فضل الرحمان ہی رہ جاتاہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اہل بنانے کے لیے دو تہائی اکثریت چاہیے جو الیکشن کے بعد بھی ممکن نہیں۔نواز شریف پگلا نہیں جو سعودی عرب سےپاکستان آئےگا وہ لندن جائےگاوہاں سےکب اور کس حال میں پاکستان آئےگا وہ اللہ کو پتاہے۔معافی نامہ دے کر سعودی عرب گیا۔ضمانت نامہ دے کر لندن گیا وہ دونوں آپشن استعمال کر چکا ہے۔ایوب دور میں لوگ چینی کے خلاف نکلےتھے ۔اس دور میں آٹا اور بجلی کے خلاف نکلیں گے ۔ان کو اقتدار نہ ملے تو بیمارہوجاتے ہیں ۔اقتدار ملے تو تقریروں اور سرکاری اشتہاروں کاجمعہ بازار لگا دیتے ہے۔ریاست کوئی خلائی مخلوق نہیں ہوتی اس کا اہم جز عوام ہوتے ہیں جس کادیوالیہ کر دیا گیاہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلی بار لوگوں کے پاس قبر کے پیسے نہیں ہیں۔ضرورت مندلوگوں کو کفن دفن کا خرچہ بےنظیرانکم سپورٹ سکیم سے دیاجائے۔بلاول کسی افریقی ملک کا بھی وزیراعظم نہیں بن سکتا خواب دیکھنے پر کوئی ٹیکس نہیں۔65غیر ملکی دورے کیے کمپنی کی مشہوری کے علاوہ کچھ نہ ملا ۔سیاست کےآخری اوور شروع ہونے والے ہیں۔ الٹی گنتی شروع ہونے والی ہے جنہوں نے کسی کے ساتھ ہاتھ کیا اب ان کے ساتھ ہاتھ ہوگا۔مشتری ہوشیار باش۔