کراچی: شہرقائد میں متعین ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان نے کہا ہے کہ ایرانی قونصل خانے کے کراچی پریس کلب سے قریبی روابط ہیں، پاکستان اورایران کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں، مختلف شعبوں میں تعاون سے ان تعلقات کومزید فروغ دیا جاسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب کے وفد نے سعید سربازی کی قیادت میں ایرانی قونصل خانے میں ایرانی قونصل جنرل سے ملاقات کی۔ وفد میں نائب صدر مشتاق سہیل، سیکریٹری شعیب احمد اور جوائنٹ سیکریٹری اسلم خان شامل تھے۔ ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ وہ پاکستان میں تعینات ہونے والے نئے سفیر کے ہمراہ جلد کراچی پریس کلب کا دورہ کریں گے.
حسن نوریان کا کہنا تھا کہ ایران مختلف ممالک سے باسمتی چاول، گوشت اور دیگر اشیا درآمد کرتا ہے، پاکستانی تاجروں کے پاس ایران سے تجارت کیلئے بھرپور مواقع موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جاسکتا ہے، ایرانی توانائی کے وسائل کے حوالے سے مالا مال ہے اور اس شعبے میں پاکستان کی بھرپور مدد کرسکتا ہے، پاکستان ایران گیس پائپ لائن اس کی ایک بڑی مثال ہے۔
ایرانی قونصل جنرل نے صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی کی اس تجویز سے اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان صحافتی وفود کے دوروں کا اہتمام کیا جانا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی قونصل خانے کے کراچی پریس کلب سے قریبی روابط ہیں، سیکریٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد نے ایرانی قونصل جنرل کو پریس کلب کے دورے کی دعوت دی جو ایرانی قونصل جنرل نے قبول کرلی۔