جلتا فرانس،سویا سویڈن،بجتا سوشل میڈیا

627

ملعون فرانسیسی صدر میکرون نے فرانس میں سوشل میڈیا کی سہولت ختم کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔ اس کو لگتا ہے کہ نوجوان اسنیپ چیٹ اور ٹک ٹاک جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارم استعمال کرکے فرانس میں فسادات اور تشدد کو منظم کرنے کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔ فرانس میں دس دن سے جاری فسادات کی ویڈیو فوٹیجز سوشل میڈیا پر بے حد مقبول ہورہی ہیں۔ پیرس شہر کے میئر کا گھر جلانے سمیت کئی اور پُرتشدد ویڈیوز اور ٹک ٹاک پر فسادات کی لائیو کوریج بھی خاص طور پر وائرل ہوئی تھی۔ ٹک ٹاک نے ہفتہ بھر میں صرف ان ویڈیوز کی بدولت 7 لاکھ نئے سبسکرائبر حاصل کیے اور ہفتہ وار ویوز کی تعداد میں چار گنا اضافہ ہوا۔ ظاہر سی بات ہے ہم جتنا تشدد فلموں اور ڈراموں میں دکھاتے ہیں تو اب اس کے ناظرین حقیقی تشدد بھی اتنے ہی شوق سے دیکھنا چاہیں گے۔ ایک پوری نسل ہے جو سوشل میڈیا کی بدولت ’انتہائی متشدد‘ تیار ہورہی ہے۔ اِس کو روکنے کا یہی پاکستانی ٹوٹکا ہے کہ پابندی لگا دو۔ یہ ہے آزادیِ اظہار کا جعلی، پھیکا بلکہ کڑوا قسم کا لالی پاپ۔ یقین مانیں سب جھوٹ ہے، دھوکا ہے۔

میری ذاتی رائے تو یہ ہے کہ 8جون 2021ء کو جنوب مشرقی حصے کے دورے پر فرانسیسی صدر کو ایک تھپڑ اُس کے ہی عوام نے لگایا تھا۔ اس کے بعد پہلے پنشن کے مسئلے پر اِس سال جنوری میں اور اب جون میں پورا فرانس جن بدترین حالات سے گزر رہا ہے وہ شاید رب کریم کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر عذاب کا ایک ہلکا سا کوڑا ہو۔ میکرون کے 6 سالہ دورِ اقتدار میں5 فسادات ہوچکے ہیں، جبکہ 23 سال میں 17۔ مگر میں پھر کہوں گا کہ یہ میرا ذاتی خیال ہے۔ آج ہم فرانس و سویڈن پر بات کرنے جارہے ہیں جو سوشل میڈیا پر گرم موضوعات میں شامل ہیں۔ نظریاتی و فکری اعتبار سے پاکستانی مسلمانوں کے لیے بھی اِس میں خاصا سامانِ عبرت و عمل موجود ہے۔

اس کے لیے فرانس سے متعلق دو اہم باتیں اور پس منظر جاننا بے حد ضروری ہے۔ نمبر ایک فرانسیسی انقلاب کی بدترین پُرتشدد بنیادیں۔ دوسرا فرانسیسی استعماری انداز۔ ان دونوں کے پس منظر میں بدترین تشدد کی نفسیات بدرجہ اتم غالب رہی ہے۔ فرانس سے صرف 2022 کلومیٹر کے فاصلے پرالجیریا یعنی الجزائر واقع ہے۔8 ویں صدی میں بنو امیہ کے دورِ حکومت میں عقبہ بن نافع ؓکی زیر قیادت یہ خطہ مسلم خلافت کا حصہ بنا۔ بربر حکومت نے بنوامیہ کے سامنے معمولی مزاحمت کی اور اسلام قبول کرلیا۔اس کے بعد وہاں مختلف مسلم بربرخاندانوں کی حکومت چلتی رہی،یہاں تک کہ 1518ء میں معروف مسلمان امیر البحر خیر الدین باربروسہ نے اسپین کی الجزائر پر قبضے کی کوشش کو بڑی زبردست بحری مہم سے ناکام بنا کر اُس کوخلافت ِعثمانیہ میں شامل کیا۔14 جون 1830ء سے فرانس نے الجزائر کو اپنی کالونی بنانے کے خطرناک خونیں منصوبے کا عملی آغاز کیا۔پھر مزاحمت اور بغاوتوںکا سلسلہ چلا۔الجیریا میں مسلمانوں کا اتنا خون بہا کہ صرف ایک دن میں یعنی 8مئی 1945ء کو فرانسیسیوں نے الجزائر کے 45000 معصوم مسلمان مردوں، بچوں، خواتین کو ماردیا۔یہ وہ تعداد ہے جو مارنے والوں یعنی قاتلوں کی جاری کردہ ہے۔ یہ سارا ظلم و ستم اِس سرزمین پر 1962ء تک جاری رہا۔پھر کہنے کو تو الجزائر کو فرانسیسی جبری تسلط سے آزادی مل گئی لیکن فرانس میں نسلی تعصب کا متشدد سلسلہ 2023ء میں بھی کسی نہ کسی شکل میں جاری ہے۔کسی نہ کسی شکل سے مراد آج کی Identitiy Politics ہے۔

فرانس کے ٹریفک قوانین میں یہ شق 2017ء سے شامل ہے کہ اگر کسی کو گاڑی روکنے کا کہا جائے اور وہ نہ روکے، یا اس کو تلاشی کا کہا جائے اور وہ بھاگنے لگے تو پولیس کسی شک کی بنیاد پر گولی چلا سکتی ہے۔ اگر پکڑا جائے تو 2 سال قید اور 15000 یورو جرمانہ ہے۔ 2017ء سے فرانسیسی قانون نے پولیس کو اپنے آتشیں اسلحے کو پانچ مختلف منظرناموں میں استعمال کرنے کی اجازت دی ہے: جب ان کی جان یا جسمانی تحفظ، یا کسی دوسرے فرد کی زندگی خطرے میں پڑ جاتی ہے۔ جب کوئی جگہ یا ان کی حفاظت میں لوگ حملہ آور ہوتے ہیں۔ جب وہ کسی ایسے شخص کو روکنے سے قاصر ہوں جو ان کی جان یا جسمانی حفاظت کے لیے خطرہ ہو، یا دوسرے لوگوں کو بھاگنے سے روکے جب وہ کسی ایسی گاڑی کو روکنے سے قاصر ہوں جس کے ڈرائیور نے رکنے کے حکم کو نظرانداز کردیا ہو، اور جس کے مسافروں کو ان کی زندگی یا جسمانی تحفظ، یا دوسرے لوگوں کے لیے خطرہ لاحق ہو- اگر یقین کرنے کی کوئی وجہ ہے تو یہ قتل یا قتل کی کوشش کو روکے گی۔

17 سالہ نیہل کو بھی اِسی طرح روکا گیا، وہ نہیں رکا، پولیس نے مشتبہ جان کر گولی چلا دی، گولی سر پر لگی اور بات ختم۔ نیہل کا تعلق فرانس میں مقیم الجزائر سے آنے والے محنت کش طبقے سے تھا۔ فرانسیسی پولیس اور سیاہ فام مسلم محنت کش طبقے کے درمیان خراب تعلقات کا بھی ایک پس منظر ہے جو استعماری دور سے جڑا ہوا ہے۔ پھر رائٹرز نے بتایا کہ فرانس پولیس کے ترجمان کے مطابق 27 جون کو ہونے والا ہلاکت خیز فائرنگ کا واقعہ 2023ء میں اپنی نوعیت کی تیسرا واقعہ تھا۔ اس سے پہلے 2022ء میں ٹریفک اسٹاپ کی تعمیل نہ کرنے پر ہلاک ہونے والے افراد کا ریکارڈ 13 تھا۔ 2021ء میں اس طرح کے 3، اور 2020ء میں 2 قتل ہوئے، 2019ء میں کوئی بھی نہیں اور 2018ء اور 2017ء دونوں میں یہ تعداد 6 تھی۔ اہم بات یہ تھی کہ 2017ء کے بعد سے اس قانون کی خلاف ورزی پر مارے جانے والوں کی اکثریت سیاہ فام یا عرب نژاد تھی۔ اب نیہل کی موت نے شدید ردعمل کی آگ بھڑکا دی ہے جس کی شیئر ہوتی ویڈیوز کو میکرون روکنا چاہ رہا ہے۔ بات یہیں تک محدود نہیں، پولیس والا گرفتار ہوا ہے، اس کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے تو اس رنگ میں بھنگ ڈالنے کے لیے ایک فرانسیسی سیاست دان نے GoFundMe کی معروف فنڈ ریزنگ ویب سائٹ پر اُس پولیس والے کے حق میں اپیل کرکے کوئی ایک ملین ڈالر جمع کرلیے، اس کا مقصد پولیس والے کو تحفظ دینا تھا۔ فرانسیسی سوشلسٹ پارٹی کے صدر نے اس عمل کی شدید مذمت کی اور اسے فسادات بھڑکانے کا سبب قرار دیا۔ نیہل کی ماں تو کہہ رہی ہے کہ فساد نہ کریں، قانون انصاف کرے گا۔ مگر اب اس کی کون سنتا ہے!

2005ء میں بھی ایسا ہی ایک معاملہ ہوا، اُس میں بھی افریقی نژاد دو مسلمان لڑکے پولیس سے بچنے کے لیے ایک پاور اسٹیشن میں داخل ہوئے اور بجلی کے شاک لگنے سے مر گئے تھے۔ اس پر بھی شدید احتجاج شروع ہوا جس میں 8000 گاڑیاں جلائی گئیں، 3 لوگ مارے گئے، 126 پولیس اہلکار زخمی ہوئے اور 9 دن تک پیرس میں آگ و خون کا یہ کھیل چلتا رہا۔ 25ہزار مظاہرین میں سے 2900 لوگ گرفتار ہوئے تھے، جن کے لیے 11ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے۔ پھر2015ء میں عدالت نے پیچھا کرنے والے پولیس اہلکاروں کو بری کردیا تھا۔ اب بھی صورت حال یہ ہے کہ ہر قسم کے مالی مفادات و مستقبل کے خوابوں کو ایک طرف کرکے 3500 سے زائد مسلمان گرفتار ہیں جن کی اوسط عمریں 12-17 سال ہیں۔ پیرس شہر کے میئر کے گھر کو جلانے کے علاوہ ایک ہزار کے قریب عمارتیں، دکانیں، اور ہوٹل اس ردعمل کا شکار نظر آئے۔ یہی نہیں، میئر کے گھر والے بھی گاڑی میں زندہ جلنے سے بمشکل بچ پائے۔

اکیڈمک دنیا میں فرانس اور اٹلی کے سیکولرازم کو الگ ورائٹی کے طور پر ڈیل کیا جاتا ہے۔ بنیادی سیکولرازم کے مطابق تو مذہب ذاتی معاملہ ہوتا ہے، مگر ہم دیکھتے ہیں کہ اینگلو امریکن سیکولرازم کے مقابلے میں فرانسیسی سیکولرازم میں ریاست نے اپنا جبر مذہب کے اندر بھی ٹھونسا ہوا ہے، جیسا کہ آپ امریکا یا برطانیہ میں دیکھ لیں، وہاں اسکارف کا معاملہ کبھی بھی متنازع نہیں بنا۔ فرانس میں آپ کو یہ مسئلہ تواتر سے ملے گا۔ پچھلے ہفتے رائٹرز کی خبر کے مطابق فرانسیسی عدالت نے اپنے فیصلے میں ایک کھیل میں حجاب پہننے پر عائد پابندی برقرار رکھی۔ آپ کو فرانس میں نوکری چاہیے، گھر چاہیے تو آپ کا مسلمان ہونا نااہلی کی علامت بن چکا ہے۔ جبکہ برطانیہ، امریکا میں ایسا مسئلہ نہیں ملے گا۔ امریکا اور برطانیہ میں کوئی خاکے نہیں بنا سکا، مگر فرانس نے جانتے بوجھتے سرکاری سرپرستی میں یہ کام کرایا۔ امریکا، برطانیہ، سوئٹزرلینڈ، بھارت، چین… ان میں سے کسی ملک کے سربراہ نے آج تک اسلام کے بارے میں کوئی منفی بات نہیں کی، مگر فرانس کا صدر ملعون میکرون آپ کو الگ نظر آئے گا (اکتوبر2020ء تقریر)۔ یہی نہیں فرانس کے کئی اسکالر ریاستی سرپرستی میں نسل پرستی کو بھی مستقل فروغ دیتے ہیں، تو آپ نوٹ کریں کہ اس سب لبرل فریم ورک کے نتیجے میں آئیڈینٹیٹی پالیٹکس، (شناخت کی سیاست) جنم لیتی ہے۔

لبرل معاشرے میں سوال یوں اٹھتا ہے کہ آپ نے الجزائر والے کو مشکوک کیوں سمجھا؟ سیاہ فام ہونے پر میں مشکوک کیوں ہوں؟ مجھے سسٹم میں کیوں ضم نہیں کیا جارہا؟ فرانسیسی شہری ہونے کے باوجود مجھ پر الگ قوانین کیوں؟ میرا آزادی والا حق کہاں ہے؟ یہاں سے جنم لیتی ہے شناخت کی سیاست۔ اب اِسی صورتِ حال میں اگر کسی ٹرانس جینڈر کو روکا جاتا، اسے گولی مار دی جاتی تو وہ نکل آتے۔ ان کا بھی یہی مطالبہ ہوتا۔ عورت کو مار دیتے تو ساری فیمنسٹ نکل آتیں، عورت مارچ ہوجاتا۔ یہ سب نکلنا، ردعمل دینا اِن معنوں میں ہاضم ہوتا ہے کہ یہ سب اپنی خاص شناخت کی بنیاد پر سوال اٹھاتے ہیں۔ ان کی زبان حقوق کی ہوتی ہے جو یہ ریاست سے مانگتے ہیں۔ اب یہ سارا ملغوبہ ایک متعصب، متشدد ریاست میں ہوگا تو ایسے ہی نتائج دے گا۔

ہوسکتا ہے یہ سب پڑھتے ہوئے آپ کے ذہن میں سوال اُبھرے کہ یہ تو کوئی بری بات نہیں، یہ ٹھیک بات ہے، حقوق تو ملنے چاہئیں۔ تو جناب وہی ہوا نا، آپ کے ساتھ بھی! اصل مدعا ہی گول۔ سوال یہ کیوں نہیں پیدا ہوا کہ یہ سارے نام نہاد مسلمان اتنے بے غیرت کیسے ہیں کہ اپنے ایک لڑکے کے مرنے پر اِس طرح باہر نکل آئے، مگر پورے فرانس میں جب سرکاری سطح پر خاکے لگائے گئے تو یہ سب دبک کر بیٹھ گئے تھے۔ جب ماں، بہن، بیٹی کے حجاب کا مسئلہ آتا ہے تو کیوں دبک جاتے ہیں؟ جب میکرون اسلام کو کرائسز قرار دیتا ہے تو وہ حقوق کہاں جاتے ہیں؟ وہ آیت کہاں جاتی ہے: ”آپؐ کہہ دیجیے کہ اگر تمہارے باپ اور تمہارے لڑکے اور تمہارے بھائی اور تمہاری بیویاں اور تمہارے کنبے، قبیلے اور تمہارے کمائے ہوئے مال اور وہ تجارت جس کی کمی سے تم ڈرتے ہو اور وہ حویلیاں جنہیں تم پسند کرتے ہو اگر یہ تمہیں اللہ سے اور اس کے رسول سے اور اُس کی راہ میں جہاد سے بھی زیادہ عزیز ہیں تو تم انتظار کرو کہ اللہ تعالیٰ اپنا عذاب لے آئے۔ اللہ تعالیٰ فاسقوں کو ہدایت نہیں دیتا۔“ (التوبہ 24 )

وہ حدیثِ مبارکہ کہاں جاتی ہے:”کوئی بندہ اُس وقت تک مومن نہیں ہوسکتا جب تک کہ میں اُس کے نزدیک اُس کے اہل وعیال، اُس کے مال اور تمام لوگوں سے زیادہ محبوب نہ بن جاؤں۔“ (صحیح مسلم)

یہی حال سویڈن میں بھی ہے۔تو اب کی بار سویڈن والوں کو فرانسیسی مسلمانوں کا احتجاج دِکھاکر یہ والی غیرت دلائی جا رہی ہے کہ تم کون سی فیڈر منہ میں دبائے غائب ہو؟جب نسلی بنیاد پر فرانس میں مسلمان نکل سکتے ہیں اور پورے فرانس کو تہہ تیغ کرسکتے ہیں تو تم دو سال میں چوتھی مرتبہ قرآن کی حرمت کے لیے کچھ نہ کر سکو؟اُلٹا قرآن کی تلاوت کو موضوع بنا رہے ہو؟یہ کون سا درس ہے؟ سویڈن کے شہر اسٹاک ہوم کی اُس مسجد میں عید الاضحی کے دن 10ہزار سے زائد مسلمان جمع تھے، مسجد امام کے مطابق جس دوپہر یہ واقعہ ہوا،یقین مانیں کسی کوبھی توفیق نہ ہوئی کہ اُس ملعون کو وہ ردعمل دیتا جس کا دین تقاضا کرتا ہے۔ ایسی غفلت کی نیند جس میں انسان صبح سے شام تک اللہ کی رضا کے نام پر جانور ذبح کر رہا ہو مگر قرآن مجید کی توہین پر ایک مؤثر احتجاج بھی نہ کرسکے! وہاں مقیم ایک دوست سے فون پربات ہوئی تو کہنے لگا کہ ”وہ لوگ ہمیں اُکسانے کے لیے ایسا کرتے ہیں۔ سارا مسئلہ سیاسی ہے“۔ میں نے پوچھا ”اب قرآن مجید اس مقام پر پہنچ گیا ہے کہ غیر مسلم اس کی توہین کرکے سیاست کر سکیں۔تمہارا ایمان اس بات کی اجازت دیتا ہے؟ اصل بات یہ ہے کہ مغرب سمجھتا ہی طاقت کی زبان ہے کیونکہ وہ خود طاقت سے اپنا نفوذ کرتا ہے۔ ہم نے جب سے اُن کی پُرامن مظاہروں کی لالی پاپ منہ میں ڈالی ہے، ہماری نیند بھی بڑھ گئی ہے اور ایسے واقعات بھی بڑھ ہی رہے ہیں۔“