وزیراعظم کی ایم ڈی آئی ایم ایف سے ٹیلیفونک گفتگو، معاہدے کی خلاف ورزی نہ ہونے کی یقین دہانی

655

اسلام آباد: وزیراعظم نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی مینیجنگ ڈائریکٹر سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے، جس میں انہوں نے  حال ہی میں ہونے والے معاہدے کی خلاف ورزی نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نے آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے 3 ارب کے اسٹینڈ بائی معاہدے پر عمل کے سلسلے میں عالمی ادارے کی ایم ڈی کی کاوشوں پر شکریہ ادا کیا اور ان کی قیادت و پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے آئی ایم ایف کی  مینیجنگ ڈائریکٹر کو بتایا کہ پاکستان میں حکومت اگست تک ہے، اس کے بعد عبوری حکومت ملک سنبھالے گی اور یقیناً وہ اپنی ذمے داریاں احسن طریقے سے پوری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن کے بعد اگر پاکستانی عوام نے ان کی حکومت کو دوبارہ منتخب کیا تو وہ آئی ایم ایف اور ترقیاتی شراکت داروں کی مدد سے ملکی معیشت کی بہتری کے اقدامات کے لیے پرعزم ہیں۔

دوسری جانب بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی مینیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایک قابل اعتماد کیس بنایا، جب کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ ماضی میں اعتماد کی کمی کے باعث معاہدے کی شرائط پوری کرنے کے پاکستانی عزم کو شبہے کی نظر سے دیکھ رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف کا اہم رکن ہے، پاکستان کی مدد جاری رکھی جائے گی۔