ترقی کیلیے فنی تعلیم کا فروغ ناگزیر ہے، وزیراعظم

338
ترقی کیلیے فنی تعلیم کا فروغ ناگزیر ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف  نے کہا ہے کہ  نوجوانوں کو ہنرمند بنانا وقت کا تقاضا اور کامیابی کی کنجی ہے، ملکی ترقی کے لیے فنی تعلیم کا فروغ ضروری ہے،اسکل ڈیویلپمنٹ ہماری ترجیح ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ شعبہ تعلیم میں اصلاحات کیلئے کوششیں جاری ہیں، کسی خاص طبقے کا نہیں سب کا حق ہے، ترقی کرنی ہے تو منفی باتوں کو پائوں کی زنجیر نہیں بنانا بلکہ حل نکالنا ہوگا، امیر اور غریب کے درمیان تعلیمی میدانوں میں تفریق نہیں ہونی چاہیے، 75سال میں جو عادتیں پڑ گئی ہیں ان بتوں کو توڑنا آسان نہیں۔

گزشتہ روز  اسلام آباد میں نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی  کے مرکزی کیمپس کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں 4لاکھ 50ہزار  طلبا کو میرٹ پر وظائف دئیے۔ نوجوانوں کو ہنرمند بنانا وقت کا تقاضا اور کامیابی کی کنجی ہے۔ ملکی ترقی کے لیے فنی تعلیم کا فروغ ضروری ہے۔ تعلیم کسی ایک طبقے کا نہیں سب کا حق ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اگر ہنر مند لوگوں کو بیرون ملک بھیجیں گے تو پاکستان کا تجارتی خسارہ کم ہوجائے گا۔ اسکل ڈیوپلمنٹ ہماری ترجیح ہونا چاہیے۔ نوجوان نسل کرپشن کو فوری طور پر ختم کرکے ملک کو آگے لے جانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کی افتتاحی تقریب میں شرکت میرے لیے باعث افتخار ہے، نوازشریف نے اس ادارے کی ابتدا کی، پنجاب میں وزارت اعلی کے دور میں ووکیشنل ٹریننگ پر توجہ دی، 1997میں بھی ہنر سیکھنے اور سکھانے کے منصوبوں پر کام کیا، البتہ کسی بھی کام کو شروع کرنے کے لئے وسائل درکار ہوتے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تعلیم کسی بھی میدان میں ہو ایک ہنر ہے، قوموں کو ترقی کی دوڑ میں آگے لے جانے کیلئے فنی تعلیم کامیابی کی ضمانت ہے، مجھے یقین ہے یونیورسٹی انتظامیہ ادارے کو آگے لیکر جائے گی، ہنر کسی بھی میدان میں بہترین ہتھیار کا کام کرتا ہے، لہذا امید ہے ہنرمند نوجوان دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ قوموں کی ترقی کے لئے ٹیکنیکل ایجوکیشن ضروری ہے، 2008میں پنجاب انڈوومنٹ فنڈ بنایا، پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کیلئے بجٹ سے  دوارب روپے سالانہ مختص کئے، غریب بچوں کی معیاری تعلیم کے لئے دانش سکول بنائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ترقی کرنی ہے تو منفی باتوں کو پائوں کی زنجیر نہیں بنانا بلکہ حل نکالنا ہوگا، امیر اور غریب کے درمیان تعلیمی میدانوں میں تفریق نہیں ہونی چاہیے، 75سال میں جو عادتیں پڑ گئی ہیں ان بتوں کو توڑنا آسان نہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے حکومت کا صرف ایک ماہ رہ گیا ہے، اجازت دیں تو تمام وسائل آپ کی خدمت میں نچھاور کرنے کیلئے تیار ہوں، نوجوان نسل ہی وہ طبقہ ہے جو کرپشن کا خاتمہ کر سکتی ہے۔