اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ 15 جولائی 2016 کو ترکیہ کے عوام نے جمہوریت کے دفاع کیلئے جو قربانیاں دی ہیں اس کی دنیا کی سیاسی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔
ترکیہ میں جمہوریت کو بچانے کے لئے لوگوں نے جس عزم اور بہادری کا مظاہرہ کیا وہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا،پاکستان اور ترکیہ کے درمیان صدیوں پر محیط مذہب اور مشترکہ اقدار پر مبنی مضبوط تعلقات ہیں۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں ترکیہ کے سفارتخانے میں ترکیہ کے ساتویں یوم جمہوریت اور قومی یکجہتی کے دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے 15 جولائی 2016 کو جمہوریت کو بچانے کیلئے اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے 250 سے زیادہ شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان نے ترکیہ کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے متفقہ قرارداد منظور کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ دونوں نے مشکل وقت خصوصا قدرتی آفات میں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، انہوں نے کہا کہ صدر طیب اردوان کی ولوالہ انگیز قیادت میں ترکیہ ترقی کے مزید منازل طے کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکیہ دونوں کے درمیان پارلیمانی روابط کو بڑھانا علاقائی ترقی و خوشحالی کے لئے اہمیت کے حامل ہے، پاکستان میں ترکیہ کے سفیر مہمت پاچاچینے ترکیہ کے یوم جمہوریت کی تقریب میں شرکت پر سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو اخوت اور باہمی احترام پر مبنی ہے، انہوں نے کہا کہ 15 جولائی کا دن ترکیہ میں جمہوریت کو بچانے کے لئے ترکیہ کی عوام کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔