کراچی: پاکستان کا تجارتی حب اور سب سے بڑا شہر کراچی رہائش کے اعتبار سے دنیا کے بدترین شہروں میں شامل ہوگیا۔
عالمی جریدے دی اکانومسٹ کے اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ (ای آئی یو) کی شہروں کے حوالے سے جاری انڈیکس 2023 کے مطابق کراچی کا شمار رہائش کے اعتبار سے دنیا کے بدترین شہروں میں ہوتا ہے۔ کراچی کے بعد فہرست میں صرف الجزائر، لاگوس، لیبیا کا دارالحکومت طرابلس اور شام کا دارالحکومت دمشق شامل ہیں۔
ای آئی یو کے گلوبل لیوایبلٹی انڈیکس 2023 میں 173 شہروں میں کراچی کا نمبر 169 ہے۔ کراچی انڈیکس میں شامل پاکستان کا واحد شہر ہے۔
شہروں کی رینکنگ استحکام، نظام صحت، کلچر، ماحولیات، تعلیم اور انفراسٹکچرکی بنیاد پر کی جاتی ہے اورشہروں کے حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک سے 100 تک کا اسکور دیا جاتا ہے۔ ایک کو ناقابل برداشت جبکہ 100 کو مثالی سمجھا جاتا ہے۔
شہروں میں رہنے کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک سے 100 تک کا سکور دیا جاتا ہے۔ ایک کو ناقابل برداشت سمجھا جاتا ہے اور 100 کو مثالی سمجھا جاتا ہے۔
کراچی کا 100 میں سے مجموعی اسکور 42.5 رہا جو ایک مثالی سکور سے کم ہے۔ کراچی کو سب سے کم 20 نمبر استحکام کے ملے جبکہ نظام صحت کے حوالے سے 50، کلچر اور ماحولیات پر 38.7، تعلیم پر 75 اور انفرا اسٹرکچر پر 51.8 اسکور ملا ہے۔
دنیا کے سب سے زیادہ رہائش کے قابل شہروں میں آسٹریا کے دارالحکومت ویانا کا پہلا نمبر ہے جبکہ ڈنمارک کا دارالحکومت کوپن ہیگن دوسرے اور آسٹریلیا کا شہر میلبرن تیسرے نمبر پر ہے۔