جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والا ایرانی شہری گرفتار

324

کراچی:ایف آئی اے نے جعلی سفری دستاویزات پر سفر کرنے والے ایرانی شہری کو گرفتار کرلیا،وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی آے)کے امیگریشن سیل نے کراچی ائیرپورٹ پر کارروائی کی جس میں ایک ایرانی شہری کو گرفتار کیا گیا ہے جو جعلی پاکستانی سفری دستاویزات پر ملازمت کے لیے قطر جانے کی کوشش کر رہا تھا۔

ایف آئی اے کے مطابق جاسم نامی ملزم کے موبائل فون کے معائنے کے دوران ڈیٹا میں ایرانی شہریت کی دستاویزات بھی موجود تھیں۔

ملزم اپنے پاس موجود پاکستانی سفری دستاویزات پر درج رہائشی پتے اور اہل خانہ کی تفصیلات کے حوالے سے جوابات دینے سے قاصر رہا۔

دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزم نے پاکستانی سفری دستاویزات مبینہ طور پر انسانی اسمگلر کی مدد سے حاصل کی تھیں۔

 ملزم کو حراست میں لیے جانے کے بعد مزید کارروائی کے لیے ایف آئی اے کے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل منتقل کر دیا گیا ۔