کراچی کی 50 فیصد آبادی پانی کی قلت کا شکار ہے، حافظ نعیم الرحمن

459

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی کی 50 فیصد آبادی پانی کی عدم فراہمی کا شکار ہے۔

دفتر جماعت اسلامی  کراچی ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانی کی عدم فراہمی سے 50 فیصد آبادی شدید متاثر ہے، پہلے بعض علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہوتی تھی، اب ہر جگہ ہے، پانی کا مسئلہ کراچی والوں کے لیے درد سر بن گیا ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ 200 غیر قانونی ہائیڈرنٹس چل رہے ہیں، جو پانی دستیاب ہے وہ کراچی والوں کے لیے نہیں، کیوں؟

ان کا کہنا تھا کہ پانی کے نظام میں کروڑوں روپے کی کرپشن ہے، پیپلزپارٹی واٹر بورڈ میں براہ راست مداخلت کرتی ہے، شہر میں بجلی اور پانی کی عدم فراہمی پر آئے روز احتجاج ہو رہا ہے۔