پاک بھارت کرکٹ تعلقات میں برف پگھلنے لگی، ایک دوسرے کی دعوت قبول

879

ڈربن: پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ تعلقات میں برف پگھلنا شروع ہو گئی اور دونوں جانب سے ایک دوسرے کو دی گئی دعوت قبول کرلی گئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ  ذکا اشرف اور بھارتی کرکٹ بورڈ  کے سیکرٹری جے شاہ کی ڈربن میں ملاقات ہوئی۔ آئی سی سی کے سالانہ اجلاس کی سائیڈ لائن پر ہونے والی ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں پاکستانی تجویز کے مطابق ایشیا کپ کے ہائبرڈ ماڈل پر گفتگو کے علاوہ 5 اکتوبر سے شروع ہونے والے عالمی کپ میں پاکستانی ٹیم کی شرکت پر بات چیت ہوئی۔

ذرائع کے مطابق اہم ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ تعلقات پر بھی گفتگو کی گئی اور پاکستان اور بھارت کو کرکٹ پر مل بیٹھ کر اختلافی معاملات  کا حل تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

سربراہ مینجمنٹ کمیٹی پی سی بی ذکا اشرف نے جے شاہ کو ایشیا کپ میں پاکستان آنے کی دعوت دی، جسے انہوں نے قبول کرلیا جب کہ جے شاہ نے ذکا اشرف کو بھارت میں ورلڈکپ دیکھنے کی دعوت دی، جسے ذکا اشرف نے قبول کرلیا۔

دونوں بورڈ عہدیداران کا کرکٹ روابط میں بہتری لانے پر اتفاق ہوا۔ ذکا اشرف کا اس  موقع پر کہنا تھا کہ آپ ہماری مہمان نوازی سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکیں گے۔ پاکستانی عوام اپنے مہمانوں کی قدر کرنا جانتی ہے۔ ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ یہ ایک اچھی شروعات ہے، مستقبل میں مزید ملاقاتیں بھی ہوں گی۔