جہاد اسلامی فلسطین کے وفد کی جماعت اسلامی کراچی کے رہنمائوں سے ملاقات

425
جہاد اسلامی فلسطین کے وفد کی جماعت اسلامی کراچی کے رہنمائوں سے ملاقات

کراچی: پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے جہادِ اسلامی فلسطین کے وفد نے تنظیم کے مرکزی رہنما سید حسین البرکہ کی قیادت میں بدھ کو ادارہ نور حق کا دورہ کیا اور جماعت اسلامی کے نائب امراء مسلم پرویز اور راجہ عارف سلطان سے ملاقات کی ۔

وفد میں علماء فورم فلسطین کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد ادیب یاسر جی،(گلوبل کمپین ٹوریٹرن ٹوفلسطین) کے سیکریٹری جنرل شیخ یوسف عباس کے علاوہ فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو  مریم بھی شامل تھے ۔

جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے اسرائیل کے غاصبانہ قبضے سے قبلہ ٔ اوّل بیت المقدس وفلسطین کی آزادی اور اہل فلسطین کی اپنی سرزمین پر  واپسی کی جدو جہد میں مصروف عمل رہنمائوں کی ادارہ نور حق آمد پر ان کا خیر مقدم کیا اور ان سے بھر پور اظہار یکجہتی کیا ۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کی جانب سے مہمانان ِ گرامی کو قرآن کریم کا نسخہ بطور تحفہ پیش کیا جبکہ وفد نے جماعت اسلامی کے رہنمائوں کو فلسطین کا جھنڈا اور اس سے جڑی چابی پر مشتمل آزادی کا نشان پیش کیا ۔

ملاقات میں اس امر پر اتفاق رائے اور زور دیا گیا کہ پوری امت کی ذمہ داری ہے کہ فلسطین کی آزادی کے لیے بھر پور جدو جہد اور اہل فلسطین کے لیے عالمی سطح پر موثر آواز اُٹھائیں اور سیاسی و سفارتی سمیت ہر سطح پر ان کی حمایت اور پشتیبانی کی جائے ۔

سید حسین البرکہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی جدو جہد پوری امت کے لیے ایک مثالی نمونہ ہے ، اہل فلسطین تمام تر ریاستی جبر و تشدد اور ہر طرح کے مشکل و کٹھن حالات کے باوجود اپنی جدو جہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور یہ صدی فلسطین کی آزادی اور عالم اسلام کی کامیابی و کامرانی کی صدی ثابت ہو گی ۔

امت مسلمہ کی کامیابی و سرفرازی کا راستہ آزادی فلسطین سے ہی ہو کر جاتا ہے ، فلسطین کا مسئلہ کسی خاص خطے یا قوم کا نہیں پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے اسی لیے اسلام دشمن قوتیں اور سامراجی طاقتیں اس قضیے کو دبانا چاہتی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بڑی خوشی اور مسرت ہے کہ ہم سید ابو اعلیٰ مودودی  کی قائم کردہ جماعت کے دفتر اور اس کے رہنمائوں کے درمیان موجود ہیں ۔

سید ابو اعلیٰ مودودی  کے نظریے کے مطابق جماعت اسلامی ایک پارٹی نہیں بلکہ پوری امت ِمسلمہ کا ایک فورم اور پلیٹ فارم ہے اور پوری امت ایک جسد واحد کی حیثیت رکھتی ہے ۔ جماعت اسلامی ایک بڑی نعمت اور امانت ہے ۔

مسلم پرویز نے وفد کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی اہل فلسطین کی حمایت و پشتیبانی جاری رکھے گی ، بیت المقدس پر اسرائیل کا جابرانہ اور غاصبانہ قبضہ پوری امت ِ مسلمہ کا معاملہ ہے ۔

جماعت اسلامی نے ہمیشہ اور ہر فورم پر فلسطینی مسلمانوں ، جہاد میں مصروف نوجوانوں ، بچوں ، بزرگوں اور خواتین کے لیے آواز اُٹھائی ہے اور ان سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔