ژوب گیریژن پر حملے میں 4 جوان شہید، 3 دہشت گرد خاک میں مل گئے، آئی ایس پی آر

439

ژوب : شمالی بلوچستان میں ژوب گیریژن پر عسکریت پسندوں کے “خوفناک حملے” کے نتیجے میں پاک فوج کے 4 جوان شہید جبکہ 5 شدید زخمی ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ “فائرنگ کے شدید تبادلے میں، دہشت گردوں کو سرحد کے ایک چھوٹے سے علاقے میں گھیر لیا گیا ہے،” اب تک تین “بھاری مسلح دہشت گرد” مارے جا چکے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ “بقیہ دو دہشت گردوں کو بھی پکڑنے کے لیے سیکورٹی فورسز کی جانب سے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔”

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ “سیکیورٹی فورسز بلوچستان اور پاکستان کے امن کو تباہ کرنے کی ایسی تمام گھناؤنی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔”

آزاد تھنک ٹینک پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلیکٹ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (PICSS) کی جانب سے جاری کردہ شماریاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2023 کی پہلی ششماہی کے دوران ملک میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں 79 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

جون میں آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے رواں سال 13,619 انٹیلی جنس آپریشنز کیے جن میں 1,172 دہشت گرد ہلاک یا گرفتار کیے گئے۔