گلگت: وزیر اعلی گلگت بلتستان کے انتخاب میں حصہ لینے کیلئے 4 ممبران اسمبلی نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے۔
ذرائع کے مطابق فارورڈ بلاک کے حاجی گلبر خان، ہم خیال گروپ کے جاوید منوا، تحریک انصاف کے راجہ اعظم نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے، کرنل (ر) عبید اللہ بیگ بھی کاغذات جمع کروانے والے امیدواروں کی فہرست میں شامل ہیں۔
وزیراعلی گلگت بلتستان کے چنا وکیلئے 13 جولائی کو انتخابات کا انعقاد ہوگا، سابق وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کی جعلی ڈگری میں نا اہلی کے بعد قائد ایوان کی سیٹ خالی ہوئی تھی۔گلگت بلتستان کے نئے وزیراعلی کے انتخاب کے حوالے سے اپوزیشن اور ہم خیال گروپ کے درمیان تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔
وفاقی مشیر برائے گلگت بلتستان قمرالزمان کائرہ بھی اس ضمن میں ناکام ہوئے، تمام پارٹیوں میں ڈیڈ لاک بر قرار ہے،تحریک انصاف کے فاروڈ بلاک کے رکن حاجی گلبر خان نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے ۔ اختتامی وقت تک پی ڈی ایم کا کوئی رکن اسمبلی وزیراعلی کے عہدے کیلئے امیدوار کے طور پر سامنے نہیں آیا۔
ن لیگ کے 3 اراکین نے تحریک انصاف کے فاروڈ بلاک کی حمایت کی جبکہ پیپلز پارٹی نے تاحال کسی کی حمایت کا اعلان نہیں کیا۔