اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور فواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
منگل کوچیئرمین پی ٹی آئی، فواد چو ہدری اور اسدعمر کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے کی، چیئرمین پی ٹی آئی اور اسد عمر کے وکلاء الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوئے۔
معاون وکیل نے کہا کہ اسد عمر کے کیسز ہیں اور ڈاکٹر کے پاس ٹائم لیا، آپ حاضری سے استثنیٰ دیں، اسد عمر یہاں حاضر ہوتے رہے ہیں۔
ممبر کمیشن نے کہا کہ آپ درخواست جمع کرا دیں، جس پر معاون وکیل نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرا دی۔اس موقع پر فواد چوہدری اور ان کے وکیل فیصل چوہدری بھی پیش نہیں ہوئے۔
معاون وکیل نے کہا کہ فواد چوہدری لاہور میں ہیں، فیصل چوہدری اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہیں، فیصل چوہدری نے آنے کا کہا ہے۔
بعدازاں الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت 25 جولائی تک ملتوی کر دی۔