راولپنڈی: سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ملک میں اندھیر نگری چوپٹ راج ہے، فسطائیت، چنگیزیت، بربریت اور لاقانونیت ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آج صبح میرے عزیز دوست قاسم شاہ کے دونوں گھروں میں میری گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا گیا جب میں نہ ملا تو ان کے گھروں میں برے طریقے سے توڑ پھوڑ کی گئی اور ان کے اکلوتے 11 سالہ بیٹے عون محمد کو اٹھا کر ساتھ لے گئے۔
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) July 10, 2023
انہوں نے کہا کہ میرے گھروں میں 5 مرتبہ ریڈ کیا گیا جبکہ 30 سال پہلے میری مرنے والی ماں کے گھر کو بھی نہیں بخشا گیا، میرے 3 ٹیلی فون، لیپ ٹاپ، گھڑیاں، گاڑیاں سب کچھ لے گئے،عدالت کے حکم کے باوجود میری گاڑیوں کو واپس نہیں کیا جا رہا۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک میں اندھیر نگری چوپٹ راج، فسطائیت، چنگیزیت، بربریت اور لاقانونیت ہے، میں اپنی پارٹی کے نشان قلم دوات پر ایک سیٹ پر الیکشن لڑتا ہوں لیکن میرا ٹوئٹ مجھے آزادانہ جینے کا حق نہیں دے رہا، میرے گھروں کو ھلواڑہ اور چونڈہ بنا دیا گیا ہے، میرے ملازمین کو مار مار کر بازو توڑ دیئے گئے، ملازمین کام چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعے کی مجھ سے زیادہ کسی نے مذمت نہیں کی لیکن میں دبا ومیں آ کر پریس کانفرنس کرنے والوں میں سے نہیں، نسلی اور اصلی ہوں دوستی اور دشمنی قبر کی دیوار تک نبھاؤں گا۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ جان آنی جانی چیز ہے اور جو قول میرا دنیا بھر میں مشہور ہوا ہے اسے پھر دہراتا ہوں، موت میری محبوبہ، جیل میرا سسرال، ہتھکڑی میرا زیور ہے، ہارتا وہ ہے جو ہار مانتا ہے۔