اسلام آباد : تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ احسن اقبال کا چین اور سی پیک کے حوالے سے بیان افسوسناک اور غیر ذمہ دارانہ ہے، یہ بات کہ ہمارا آئرن برادر ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت کرے گا، حیران کن اور توہین آمیز ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ سی پیک کو آگے لے جانے پر ہمیشہ مضبوط اتفاق رائے رہا ہے،عمران خان کی قیادت میں ہم نے پی ٹی آئی حکومت کے تحت سی پیک سے پاکستان کے عزم کو مزید گہرا کرتے ہوئے، درج ذیل منصوبوں کو کامیابی کے ساتھ شروع کیا۔
انہوں نے کہاکہ فیصل آباد رشکئی انڈسٹریل زونز کو آپریشنل کر دیا گیا،دھابیجی انڈسٹریل زون کو حتمی شکل دی گئی، جو زیر تعمیر ہے، آئی ٹی سائنس، ٹیکنالوجی اور زراعت ان تین نئے مشترکہ ورکنگ گروپس پر بات چیت کی اور سی پیک کے فیز 2 میں شامل کیا۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ زیر تعمیر تمام پاور پلانٹس مکمل کیے، بجلی پیدا کرنے کے منصوبے مکمل کیے اور ٹرانسمیشن پراجیکٹ شامل کیے گئے، ہائی وے کے مزید کئی کلو میٹرز کی تعمیر پی ٹی آئی حکومت میں مکمل ہوئی، مغربی صف بندی کو حتمی شکل دی گئی، اور کام میں تیزی آئی، گوادر انڈسٹریل زون کو وسعت دے کر آپریشنل کیا گیا۔