سلیکٹڈ میئر کراچی نالوں کی صفائی کیلیے اقدامات کرے،  حافظ نعیم الرحمن

623
hostage

کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ میئر مرتضیٰ وہاب مون سون بارشوں کے پیش نظر نالوں کی صفائی ستھرائی کے حوالے سے فوری اقدامات اورجماعت اسلامی کے و دیگرٹاؤنزچیئرمینز کو چارج منتقل کریں ، گزشتہ بارشوں میں نالوں کا پانی سڑکوں پہ آنے کی وجہ سے شہریوں کو شدید آزمائش کا سامنا کرنا پڑا اور قیمتی معصوم انسانی جانوں کا ضیاع بھی ہوا۔

حافظ نعیم الرحمن  کی زیر صدارت ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی کے 9نومنتخب ٹاؤن چیئرمینز ووائس چیئرمینز کااجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں حالیہ مون سون کی بارشوں اور شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال سمیت نالوں کی صفائی کے نظام کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا گیا ۔

 ٹاؤن چیئرمینز نے بتایا کہ ڈیڑھ ماہ کا عرصہ گزرچکا ہے ، لیکن اب تک ٹاؤن چیئرمینز کو چارج منتقل نہیں کیا گیا اورنہ گاڑیاں اور نہ ہی وسائل دیے جارہے ہیں ،سرکاری افسران عبوری مدت کے نام پر کرپشن کررہے ہیں جس کے باعث ہمیں کام کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شادمان نالہ بھر جانے کے باعث فیملی نالے میں گرگئی جس میں معصوم بچے لاش کافی دن تک نہیں مل سکی ،اخباری اطلاعات کے مطابق بڑے نالوں کی صفائی کے لیے 80 کروڑ روپے کا ٹھیکہ دیا گیا ہے تاہم شہر کے اکثرنالے اب بھی کچرے سے بھرے ہوئے ہیں اوران کی صفائی کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ  پیپلزپارٹی اختیارات اور وسائل پر قبضہ کرنے کا رویہ ترک کر کے فوری طور پر ٹاؤنز چیئرمینز کو چارج منتقل کرے تاکہ حالیہ مون سون بارشوں کے پیش نظرمتوقع صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کیے جاسکیں۔