زرداری، نواز شریف ملاقات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات نہیں ہوئی، پیپلز پارٹی

434
زرداری، نواز شریف ملاقات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات نہیں ہوئی، پیپلز پارٹی

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان اور وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کی نواز شریف  کیساتھ دوبئی میں کوئی آفیشل ملاقات نہیں تھی، یہ روٹین کی ملاقات تھی ،اس ملاقات میں سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں ہیں،استحکام پارٹی کے میدان میں آنے کے بعد ان کے بارے میں پتہ چلے گا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پیپلز پارٹی اور اس کی اتحادی جماعتوں نے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے اور دوسرے مبر رہے ہیں اور انشااللہ جلد پہلے نمبر پر ہونگے،میں کامیاب ہونیوالے امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

کشمیر میں ایک نااہل شخص کو مسلط کیا گیا تھا جو کہ نااہل ہوگیا ،ضمنی انتخاب میں اس نشست پر پیپلز پارٹی کے امیدوار نے کامیابی حاصل کرلی، گلگت بلتستان میں بھی ایسا ہی ہوا ہے،ہماری جماعت جی بی کے بارے میں فیصلہ کریگی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دبئی میں آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات ہوئی ہے،یہ کوئی آفیشل ملاقات نہیں تھی اور نہ ہی سیٹ ایڈ جسٹمنٹ پر کوئی بات ہوئی ،روٹین کی ملاقات تھی جس میں ملک میں سیاسی حالات پر بات چیت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے حکومت سے معاہدہ ہونے کے بعد ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا ہے،ماضی کی حکومت سے ان کے کچھ خدشات تھے جس پر بات چیت ہوئی۔

الیکشن کمیشن جب بھی بلدیاتے انتخابات کروائے ہم تیار ہیں جبکہ ہم نے تو عام انتخابات کیلئے سوات سے اپنی انتخابی مہم کا اغاز کردیا ہے۔

جمہوری نظام ہی سے سیاسی و معاشی استحکام آئیگا۔ہم کسی بھی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں ہیں ،استحکام پارٹی کے سیاسی میدان میں آنے کے بعد ہی اس کے بارے میں پتہ چلے گا۔