کراچی: شہر قائد میں جرائم کی رفتار تھمنے کا نام نہیں لے رہی جب کہ شہری نقدی، گاڑیوں سمیت قیمتی سامان سے محروم ہو رہے ہیں۔
گزشتہ ماہ جون میں شہر کے مختلف علاقوں سے مجموعی طور پر 193 گاڑیاں اور 4 ہزار 700 سے زائد موٹر سائیکل چوری و چھین لی گئیں جب کہ 2200 موبائل فون بھی چھین لیے گئے ۔
سی پی ایل سی کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ماہ جون کے مہینے میں شہر کے مختلف علاقوں سے ملزمان نے شہریوں کو مجموعی طور پر 193 گاڑیوں سے محروم کر دیا جس میں 34 گاڑیاں چھینی اور 159 گاڑیوں کو چوری کرلیا گیا۔
شہر کے مختلف علاقوں سے شہریوں کو مجموعی طور پر 4 ہزار 748 موٹر سائیکلوں سے محروم کر دیا گیا جس میں 604 موٹر سائیکلیں چھینی اور 4 ہزار 144 موٹر سائیکلوں کو چوری کرلیا گیا ۔ شہر میں موبائل فون کی چھینا جھپٹی کا بھی سلسلہ جاری رہا اور گزشتہ ماہ جون کے مہینے میں شہریوں سے مجموعی طور پر 2200 موبائل فونز چھین لیے گئے ۔
جاری اعداد و شمار کے مطابق جون میں اغوا برائے تاوان کے 2 واقعات رونما ہوئے جبکہ 3 واقعات بھتہ خوری کے رپورٹ ہوئے ۔ شہر میں قتل و غارت گری کے دوران 55 افراد جان سے چلے گئے ۔
دریں اثنا رواں سال کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران شہر میں اسٹریٹ کرائمز اور گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کی چھینا جھپٹی کی وارداتوں میں شہریوں کو مجموعی طور پر کروڑوں روپے مالیت کی 28 ہزار 909 موٹر سائیکلوں سے محروم کیا گیا گیا جس میں 2 ہزار 970 موٹر سائیکلیں چھینی جبکہ 25 ہزار 939 موٹر سائیکلوں کو چوری کرلیا گیا۔
اسی طرح شہری 1112 گاڑیوں سے محروم ہوگئے جس میں 112 گاڑیاں چھینی اور 1000 گاڑیاں چوری کرلی گئیں جبکہ اسی دورانیہ میں شہریوں سے مجموعی طور پر 14 ہزار 136 موبائل فونز چھین لیے گئے ۔
رواں سال کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں لوٹ مار ، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چوری و چھینے جانے کی مجموعی طور پر 44 ہزاور 157 وارداتیں رونما ہوئیں جس میں جنوری کے مہینے 7249 ، فروری میں 6813 ، مارچ میں 7822 ، اپریل میں 7287 ، مئی میں سب سے زیادہ 7845 جبکہ جون میں 7141 وارداتیں شامل ہیں ۔