سعودی عرب: حجاج کو خدمات فراہم کرنیوالی کمپنی کے گودام میں آتشزدگی، 2 افراد جاں بحق

719

ریاض: مکہ مکرمہ میں حجاج کے لیے خدمات فراہم کرنے والی ایک کمپنی کے گودام میں آتش زدگی کا واقعہ پیش آیا، جس میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ 6 افراد زخمی ہیں۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق گودام جس کمپنی کے زیر استعمال تھا، وہ افریقی ممالک کے حجاج کو مختلف طرح کی خدمات فراہم کرتی تھی۔ میدان عرفات کے مشرق میں واقع اس گودام میں افریقی ممالک کے حجاج کے خیمے اور دیگر متعلقہ سامان موجود تھا جو آتشزدگی کی نذر ہوگیا۔

آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 2 گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ کارروائی کے دوران  8 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم 2 ملازمین جانبر نہیں ۃو سکے جب کہ 6 افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں، جن میں سے 2 کی حالت تشویش ناک ہے۔

حکام کی جانب سے جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔